ریاض: ماہرین موسمیات کے مطابق طاقتور طوفانی نظام Saudi Arabia اور خلیجی خطے کی جانب تیزی سے بڑھ رہا ہے، جس کے باعث آئندہ دنوں میں موسلا دھار بارش، شدید آندھی اور گرد آلود ہواؤں کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔
ماہرین کے مطابق اس دوران ہوا کی رفتار 60 کلومیٹر فی گھنٹہ تک پہنچ سکتی ہے اور ہفتے کے اختتام تک مختلف
علاقے شدید بارشوں سے متاثر ہونے کا امکان ہے۔
سعودی محکمہ موسمیات نے ساحلی علاقوں میں حدِ نگاہ متاثر ہونے اور سمندری لہروں کی اونچائی 2.5 میٹر سے بھی زیادہ ہونے کی پیشگوئی کی ہے، جس سے ساحلی سرگرمیاں متاثر ہو سکتی ہیں۔
دوسری جانب United Arab Emirates میں بھی شدید طوفانی بارشوں کے باعث شہری علاقوں میں پانی داخل ہونے کا خدشہ پیدا ہو گیا ہے، جبکہ رہائشیوں نے اپنے گھروں کو محفوظ بنانے کے لیے ریت کی بوریاں اور پلاسٹک شیٹس کا استعمال شروع کر دیا ہے۔
اماراتی محکمہ اوقاف نے شہریوں کو ہدایت دی ہے کہ خراب موسمی صورتحال کے دوران نماز گھروں میں ادا کریں تاکہ غیر ضروری نقل و حرکت سے بچا جا سکے، جبکہ آئمہ کرام کو بھی ہدایت دی گئی ہے کہ اذان کے بعد عوام کو گھروں میں رہنے کا اعلان کریں۔ مزید برآں، موسمی حالات کے پیش نظر ظہر و عصر اور مغرب و عشاء کی نمازیں جمع کرنے کی اجازت بھی دی گئی ہے تاکہ عوام کو سہولت فراہم کی جا سکے۔


