امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ ایک بار پھر اپنے متنازع اندازِ گفتگو کے باعث خبروں کی زینت بن گئے ہیں۔ اس بار انہوں نے سعودی ولی عہد محمد بن سلمان کے حوالے سے نازیبا اور سخت الفاظ استعمال کیے، جس کے بعد سفارتی حلقوں میں ہلچل مچ گئی ہے۔
رپورٹس کے مطابق میامی میں ہونے والے سعودی انوسٹمنٹ فورم سے خطاب کے دوران ٹرمپ نے کہا کہ محمد بن سلمان کو یہ اندازہ نہیں تھا کہ انہیں ان کی “چاپلوسی” کرنا پڑے گی۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ سعودی ولی عہد یہ سمجھتے تھے کہ ٹرمپ بھی دیگر امریکی صدور کی طرح ناکام ثابت ہوں گے، جن کے ادوار میں امریکا زوال کا شکار رہا۔
ٹرمپ اپنے منفرد اور اکثر متنازع بیانات کے لیے جانے جاتے ہیں—وہ جہاں تعریف کرتے ہیں وہاں کھل کر کرتے ہیں، اور تنقید میں بھی کسی حد تک جانے سے گریز نہیں کرتے۔
تاہم اس بیان پر سعودی عرب یا دیگر متعلقہ حکام کی جانب سے تاحال کوئی باضابطہ ردعمل سامنے نہیں آیا، جبکہ ماہرین کے مطابق ایسے بیانات دونوں ممالک کے تعلقات پر اثرانداز ہو سکتے ہیں۔


