واشنگٹن میں وائٹ ہاؤس کے میڈیا نمائندوں کے اعزاز میں منعقدہ ایک عشائیے کے دوران فائرنگ کا واقعہ پیش آیا، جہاں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ بھی موجود تھے، تاہم وہ اس واقعے میں محفوظ رہے جبکہ حملہ آور کو گرفتار کر لیا گیا۔

امریکی میڈیا رپورٹس کے مطابق ہلٹن ہوٹل میں جاری تقریب کے دوران اچانک زور دار آواز سنائی دی جس کے باعث شرکا میں خوف و ہراس پھیل گیا اور سکیورٹی خدشات کے پیش نظر کچھ دیر کے لیے ہلچل مچ گئی۔
اسی دوران سیکریٹ سروس اہلکار فوری حرکت میں آئے اور صدر کو بحفاظت تقریب سے باہر منتقل کر دیا گیا۔
ذرائع کے مطابق تقریب کا آغاز ہی ہوا تھا کہ صدر ٹرمپ کو ایک اہم نوعیت کی پرچی دکھائی گئی، اسی نوعیت کی اطلاع قبل ازیں وائٹ ہاؤس کی ترجمان کیرولائن لیوٹ کو بھی فراہم کی گئی تھی، جس پر صدر کے قریب بیٹھی ایک خاتون کو حیرت میں مبتلا دیکھا گیا۔

تقریب میں تقریباً 2600 سے زائد افراد شریک تھے، اور جیسے ہی فائرنگ جیسی آواز سنائی دی، متعدد شرکا نے اپنی جان بچانے کے لیے میزوں کے نیچے پناہ لے لی جبکہ کچھ افراد نشستوں سے نیچے جھک گئے۔
رپورٹس کے مطابق حملہ آور مرکزی دروازے کے قریب نصب میگنیٹو میٹر کی جانب بڑھا اور بال روم کے اندر ایک سیکریٹ سروس اہلکار کو نشانہ بنایا۔
واقعے کے فوری بعد سکیورٹی اہلکاروں نے اسلحہ نکال کر صورتحال کو قابو میں کیا اور ملزم کو حراست میں لے لیا۔ سکیورٹی ادارے واقعے کی مکمل تحقیقات کر رہے ہیں تاکہ اس کے محرکات اور سکیورٹی نقائص کا تعین کیا جا سکے۔


