بیجنگ: چینی وزارتِ خارجہ نے ایران اور امریکا کے درمیان جاری کشیدگی پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ جنگ اور تنازع کے مسئلے کا جلد از جلد حل امریکا، ایران اور خطے کے دیگر ممالک کے مفاد میں ہے۔
چینی وزارتِ خارجہ کے ترجمان نے اپنے بیان میں کہا کہ موجودہ صورتحال کے خاتمے کے لیے فوری طور پر جامع اور پائیدار جنگ بندی ضروری ہے، جبکہ مذاکرات اور سفارتی رابطوں کا سلسلہ بھی بلا تاخیر بحال کیا جانا چاہیے۔
ترجمان کا کہنا تھا کہ اس تنازع نے نہ صرف خطے کے ممالک کو متاثر کیا بلکہ اس کے اثرات عالمی معیشت اور توانائی کے شعبے پر بھی پڑ رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کشیدگی میں اضافے سے عالمی استحکام کو خطرات لاحق ہو سکتے ہیں۔
چینی وزارتِ خارجہ نے واضح کیا کہ یہ جنگ شروع ہی نہیں ہونی چاہیے تھی اور اس کا جاری رہنا کسی بھی فریق کے مفاد میں نہیں۔ بیان میں کہا گیا کہ چین ہمیشہ سے مسائل کے حل کے لیے مذاکرات، سفارتکاری اور سیاسی بات چیت کو ہی مؤثر راستہ سمجھتا آیا ہے۔
ترجمان نے زور دیتے ہوئے کہا کہ طاقت کا استعمال کبھی دیرپا اور مثبت نتائج نہیں دے سکتا، اس لیے مذاکرات کے دروازے بند نہیں ہونے چاہئیں۔ ان کے مطابق ایرانی جوہری مسئلے سمیت تمام تنازعات کا حل مشاورت، باہمی احترام اور سفارتی ذرائع سے نکالا جانا چاہیے۔


