نئے مالی سال کے آغاز پر حکومت نے عوام کو ریلیف دیتے ہوئے مائع پیٹرولیم گیس (ایل پی جی) کی قیمت میں نمایاں کمی کر دی ہے۔ آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی (اوگرا) نے نئی قیمتوں کا باقاعدہ نوٹیفکیشن جاری کر دیا۔
اوگرا کے جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق ایل پی جی کی فی کلوگرام قیمت میں 67 روپے 33 پیسے کی بڑی کمی کی گئی ہے، جس کے بعد ایل پی جی کی نئی سرکاری قیمت 241 روپے 43 پیسے فی کلوگرام مقرر کر دی گئی ہے۔
نوٹیفکیشن کے مطابق گھریلو صارفین کے لیے استعمال ہونے والا 11.8 کلوگرام کا ایل پی جی سلنڈر 794 روپے 5 پیسے سستا کر دیا گیا ہے۔ اس کمی کے بعد گھریلو سلنڈر کی نئی قیمت 2 ہزار 848 روپے 91 پیسے مقرر کی گئی ہے۔
اوگرا کا کہنا ہے کہ نئی قیمتوں کا اطلاق یکم جولائی سے ہوگا اور یہ قیمتیں پورے ماہ جولائی کے دوران نافذ العمل رہیں گی۔
توانائی کے شعبے کے ماہرین کے مطابق ایل پی جی کی قیمت میں یہ نمایاں کمی گھریلو صارفین، ہوٹلوں، ریسٹورنٹس اور دیگر تجارتی شعبوں کے لیے ریلیف کا باعث بنے گی، خصوصاً ان علاقوں میں جہاں قدرتی گیس کی فراہمی محدود ہے اور ایل پی جی روزمرہ ضروریات پوری کرنے کا اہم ذریعہ ہے۔


