وزیراعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے پاکستانی اعلیٰ سطحی وفد کی قیادت کرتے ہوئے تہران میں شہید ایرانی سپریم لیڈر آیت اللہ العظمیٰ سید علی حسینی خامنہ ای کی تعزیتی تقریب میں شرکت کی اور ایرانی قیادت سے اظہارِ تعزیت کیا۔
وزیراعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے ایرانی صدر مسعود پزشکیان، پارلیمنٹ کے اسپیکر محمد باقر قالیباف اور وزیر خارجہ عباس عراقچی سے ملاقات کی۔ اس موقع پر انہوں نے شہید آیت اللہ سید علی خامنہ ای کے ایصالِ ثواب کے لیے دعا کی اور ان کی دینی، سیاسی اور انقلابی خدمات کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔
فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی سے علیحدہ ملاقات بھی کی، جس میں دونوں رہنماؤں نے باہمی دلچسپی کے امور اور دوطرفہ تعلقات پر تبادلۂ خیال کیا۔ فیلڈ مارشل نے کہا کہ شہید آیت اللہ سید علی خامنہ ای نے کئی دہائیوں تک ایران کی قیادت کرتے ہوئے خطے کی سیاست پر گہرے اثرات مرتب کیے۔
تعزیتی تقریب کے موقع پر وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ شہید آیت اللہ سید علی خامنہ ای نے اپنی بصیرت، حکمت اور دور اندیش قیادت کے ذریعے ایرانی قوم کی رہنمائی کی اور ان کی خدمات ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی۔
پاکستانی وفد میں نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار، وزیر داخلہ محسن نقوی، وفاقی وزیر اطلاعات عطاء اللہ تارڑ، چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری سمیت متعدد وفاقی وزراء، ارکانِ پارلیمان اور اعلیٰ حکام شامل تھے۔ چیئرمین سینیٹ یوسف رضا گیلانی، اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق، وزیراعلیٰ سندھ اور پارلیمانی وفد نے بھی تعزیتی اجتماع میں شرکت کی۔
تعزیتی تقریب کے بعد وزیراعظم شہباز شریف اپنا دورۂ ایران مکمل کرکے ترکیے روانہ ہوگئے۔
دوسری جانب شہید رہبرِ انقلاب کی تشییع و تدفین سے متعلق قومی کمیٹی کے سیکریٹری علی اکبرپور جمشیدیان نے بتایا کہ مختلف اسلامی اور دوست ممالک کے سربراہان، اعلیٰ حکام اور سرکاری وفود تہران پہنچ رہے ہیں تاکہ شہید رہبر کو خراجِ عقیدت پیش کر سکیں۔
ان کے مطابق عیدگاہ امام خمینی عوام کے لیے کھول دی جائے گی، 5 جولائی کو نمازِ جنازہ ادا کی جائے گی، جبکہ 6 جولائی کو تہران میں مرکزی جلوسِ جنازہ نکالا جائے گا، جس میں ایران سمیت دنیا بھر سے لاکھوں افراد کی شرکت متوقع ہے


