فیفا فٹبال ورلڈ کپ 2026 کے راؤنڈ آف 32 میں دفاعی چیمپئن ارجنٹینا نے انتہائی دلچسپ اور سنسنی خیز مقابلے کے بعد پہلی بار ورلڈ کپ میں شریک ہونے والی کیپ ورڈی کو 2-3 سے شکست دے کر پری کوارٹر فائنل (راؤنڈ آف 16) کے لیے کوالیفائی کر لیا۔
میامی میں کھیلے گئے میچ میں ارجنٹینا نے 29ویں منٹ میں کپتان لیونل میسی کے گول کی بدولت برتری حاصل کی۔ جاری ورلڈ کپ میں یہ میسی کا ساتواں گول تھا۔
کیپ ورڈی نے شاندار واپسی کرتے ہوئے 59ویں منٹ میں ڈوآرٹے کے ذریعے اسکور 1-1 سے برابر کر دیا۔ دوسرے ہاف میں ارجنٹینا کو برتری حاصل کرنے کے دو بہترین مواقع ملے، تاہم کیپ ورڈی کے گول کیپر ووزینا نے عمدہ دفاع کرتے ہوئے دونوں حملے ناکام بنا دیے۔
مقررہ 90 منٹ کے اختتام پر مقابلہ 1-1 سے برابر رہا، جس کے بعد میچ اضافی وقت میں داخل ہوگیا۔
اضافی وقت کے آغاز میں 92ویں منٹ پر لیسینڈرو مارٹینز نے گول کرکے ارجنٹینا کو ایک بار پھر برتری دلائی، لیکن کیپ ورڈی نے ہمت نہ ہاری اور سڈنی کیبریل نے شاندار کک کے ذریعے اسکور 2-2 سے برابر کر دیا۔
میچ کا فیصلہ اضافی وقت کے دوسرے حصے میں اس وقت ہوا جب کیپ ورڈی کے دفاعی کھلاڑی ڈنی بورگس سے بدقسمتی سے اون گول ہوگیا، جس کے نتیجے میں ارجنٹینا کو 2-3 کی فیصلہ کن برتری مل گئی۔
میچ کے آخری لمحات میں کیپ ورڈی نے بھرپور حملے کیے، تاہم وہ دوبارہ گول کرنے میں ناکام رہی اور ارجنٹینا نے فتح اپنے نام کرتے ہوئے پری کوارٹر فائنل میں جگہ پکی کر لی۔
اب پری کوارٹر فائنل میں ارجنٹینا کا مقابلہ مصر سے 7 جولائی کو ہوگا، جہاں شائقین فٹبال کو دو عالمی سپر اسٹارز، لیونل میسی اور محمد صلاح، کو پہلی بار ورلڈ کپ کے ناک آؤٹ مرحلے میں ایک دوسرے کے مدمقابل دیکھنے کا موقع ملے گا۔


