ایران میں پاکستان کے سفیر مدثر ٹیپو نے کہا ہے کہ پاکستان کو تجارت اور ٹرانزٹ تجارت کے لیے مکمل سہولت فراہم کرنے پر حکومت ایران کے شکرگزار ہیں۔
مدثر ٹیپو نے بیان میں کہا کہ ایران نے مشکل حالات میں پاکستان کی ایران کے ساتھ تجارتی سرگرمیوں کو آسان بنایا اور ٹرانزٹ تجارت کے لیے بھی تمام ضروری سہولیات فراہم کیں، جس سے دونوں ممالک کے درمیان تجارتی تعلقات مستحکم ہوئے۔
انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان اور ایران کے درمیان زمینی سرحدیں معمول کے مطابق فعال ہیں اور سرحدی مقامات پر گرین چینلز فعال کیے گئے ہیں، جو دونوں جانب اشیاء کی تیز اور مؤثر ترسیل میں مدد فراہم کر رہے ہیں۔
سفیر نے اس بات پر زور دیا کہ پاکستان بھی تہران کے ساتھ بھرپور تعاون کر رہا ہے تاکہ موجودہ صورتحال کے باوجود تجارتی سرگرمیاں متاثر نہ ہوں، اور تجارتی رش و مسائل کو باہمی کوششوں کے ذریعے حل کیا جا رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستانی سفارتخانہ ایران اور پاکستان میں سرکاری و نجی اسٹیک ہولڈرز کے ساتھ مسلسل رابطے میں ہے، تاکہ دونوں ممالک کے درمیان تجارت مؤثر اور تسلسل کے ساتھ جاری رہے۔
یہ بیان ایران اور پاکستان کے درمیان مضبوط اقتصادی تعلقات اور باہمی تعاون کی عکاسی کرتا ہے، اور خطے میں تجارتی روابط کو فروغ دینے میں اہم کردار ادا کرتا ہے۔


