اسلام آباد کے ایک معروف پانچ ستارہ ہوٹل میں اٹلی میں مقیم پاکستانی اور اوورسیز پاکستانی کمیونٹی کی جانب سے ایک پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس میں اوورسیز پاکستانی فاؤنڈیشن کے چیئرمین سید قمررضا نے بطور مہمانِ خصوصی شرکت کی۔ تقریب کی میزبانی اٹلی کے شہر مچراتہ میں پاکستانی کمیونٹی کے صدر چوہدری زاہد محمود ڈھلوں نے کی، جبکہ مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے اوورسیز پاکستانیوں، کاروباری شخصیات اور سماجی رہنماؤں نے بھی شرکت کی۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے اوورسیز پاکستانی فاؤنڈیشن کے چیئرمین سید قمررضا نے بیرون ملک مقیم پاکستانیوں ک یجانب سے وطن عزیز پاکستان کیلئے خدمات کو سراہا، اور حکومت کی جانب سے ان کے لیے متعارف کرائی گئی مختلف سہولیات اور مراعات پر تفصیلی روشنی ڈالی۔ انہوں نے کہا کہ حکومت اوورسیز پاکستانیوں کو قومی ترقی میں اہم شراکت دار سمجھتی ہے اور ان کے مسائل کے حل اور سرمایہ کاری کے تحفظ کے لیے متعدد عملی اقدامات کیے جا رہے ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ اوورسیز پاکستانیوں کے لیے لائف انشورنس، محفوظ سرمایہ کاری کے مواقع، جائیداد اور زمینوں کی خریداری میں سہولت، سرکاری اداروں کے ساتھ رابطوں میں آسانی اور قانونی معاونت جیسی متعدد سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ زمینوں اور جائیدادوں کی خریداری سے قبل تصدیق اور ریکارڈ کی جانچ پڑتال کے لیے خصوصی ڈیجیٹل ایپ بھی متعارف کرائی گئی ہے تاکہ اوورسیز پاکستانی کسی بھی قسم کے فراڈ یا دھوکہ دہی سے محفوظ رہ سکیں۔
سید قمررضا نے کہا کہ صحت کے شعبے میں بھی اوورسیز پاکستانیوں کے لیے خصوصی اقدامات کیے گئے ہیں، جن کے تحت منتخب اسپتالوں میں علاج معالجے کی سہولیات نسبتاً کم لاگت پر فراہم کی جا رہی ہیں۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ اوورسیز پاکستانی فاؤنڈیشن بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کے مسائل کے حل اور ان کی فلاح و بہبود کے لیے اپنا کردار مزید مؤثر انداز میں ادا کرتی رہے گی۔

بعد ازاں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے اوورسیز پاکستانی فاؤنڈیشن کے چیئرمین سید قمررضا نے کہا کہ بیرون ملک مقیم پاکستانی نہ صرف پاکستان کی معیشت میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتے ہیں بلکہ وہ دنیا بھر میں ملک کے سفیر کا کردار بھی ادا کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت اوورسیز پاکستانیوں کے اعتماد کو مزید مضبوط بنانے اور ان کی سرمایہ کاری کو مکمل تحفظ فراہم کرنے کے لیے پرعزم ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اوورسیز پاکستانیوں کی تجاویز اور شکایات کے ازالے کے لیے جدید نظام متعارف کرایا جا رہا ہے تاکہ ان کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کیے جا سکیں۔
تقریب کے میزبان اور اٹلی کے شہر مچراتہ میں پاکستانی کمیونٹی کے صدر چوہدری زاہد محمود ڈھلوں نے کہا کہ اوورسیز پاکستانی دنیا کے مختلف ممالک میں رہتے ہوئے پاکستان کا نام روشن کر رہے ہیں۔ انہوں نے حکومت پاکستان اور اوورسیز پاکستانی فاؤنڈیشن کی جانب سے متعارف کرائی گئی سہولیات کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس طرح کے اقدامات بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کا اپنے وطن پر اعتماد مزید بڑھائیں گے۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے چوہدری زاہد محمود ڈھلوں نے کہا کہ اوورسیز پاکستانی ہمیشہ پاکستان کی ترقی، خوشحالی اور استحکام کے لیے اپنا کردار ادا کرتے رہے ہیں۔ انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کے لیے مزید آسانیاں پیدا کی جائیں اور ان کی سرمایہ کاری کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے ادارہ جاتی اصلاحات کا عمل جاری رکھا جائے۔ انہوں نے کہا کہ اٹلی سمیت یورپ بھر میں مقیم پاکستانی وطن عزیز کی تعمیر و ترقی میں بھرپور کردار ادا کرنے کے لیے تیار ہیں۔


