پاکستانی اداکارہ علیزے شاہ نے ساتھی اداکارہ عینا آصف کے بیان کی کھل کر حمایت کرتے ہوئے شوبز انڈسٹری میں سینئر اداکاروں کے رویّے پر اہم سوالات اٹھا دیے ہیں۔
حال ہی میں ایک نجی ٹی وی پروگرام میں عینا آصف نے انکشاف کیا تھا کہ سیٹ پر اکثر سینئر فنکار نئے یا جونیئر اداکاروں کو معمولی باتوں پر ٹوکتے ہیں اور ان میں خامیاں نکالتے رہتے ہیں، جس سے ان کا اعتماد متاثر ہوتا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ بعض اوقات اگر وہ اپنی رائے دیں تو سینئرز ایسے ردِعمل دیتے ہیں جیسے کوئی بہت بڑی غلطی
ہو گئی ہو، حالانکہ حقیقت میں ایسا نہیں ہوتا۔
عینا آصف نے مزید بتایا کہ بعض سینئر اداکار جان بوجھ کر ایسا ماحول پیدا کرتے ہیں جس سے جونیئرز غیر آرام دہ محسوس کریں، یہاں تک کہ اہم سین کے دوران بھی باتیں یا حرکتیں کر کے ان کی توجہ ہٹائی جاتی ہے۔
ان کا یہ بیان سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہوا، جس کے بعد علیزے شاہ نے اسے اپنے انسٹاگرام پر شیئر کرتے ہوئے عینا آصف کو اس دور کی بہترین اور ذہین اداکارہ قرار دیا، اور ان کے مؤقف کی تائید کی۔
یہ معاملہ اب انڈسٹری میں سینئر اور جونیئر فنکاروں کے درمیان پیشہ ورانہ رویّوں پر ایک بڑی بحث کا سبب بن گیا ہے۔


