اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ حکومتی فیصلوں کی بدولت ملک میں پیٹرولیم مصنوعات کی ملکی ضروریات کے لیے مناسب مقدار موجود ہے،
اور عوام کو کسی قسم کی قلت یا بحران کا سامنا نہیں ہے۔
وزیراعظم کی زیر صدارت اجلاس میں خطے کی صورتحال کے پیش نظر ایندھن کی بچت اور کفایت شعاری کے اقدامات کا جائزہ لیا گیا،
جس میں وفاقی وزرا احد چیمہ، محمد اورنگزیب، علی پرویز ملک، عطا تارڑ، مصدق ملک، احسن اقبال، شزا فاطمہ اور اویس لغاری،
گورنر اسٹیٹ بینک جمیل احمد اور دیگر اعلیٰ سرکاری افسران بھی شریک ہوئے۔
وزیراعظم نے کہا کہ حالیہ صورتحال میں عوامی ریلیف کو اولین ترجیح دی گئی اور گزشتہ تین ہفتوں میں عوام کو ریلیف فراہم کیا گیا،
تیل کی قیمتوں میں اضافے کو روکنے کے لیے وفاقی حکومت نے 125 ارب روپے فراہم کیے، جو مختلف بچتوں اور ترقیاتی بجٹ میں کٹوتی کے ذریعے دیے گئے۔
انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ بچت مہم میں حکومت کا ساتھ دیں، غیر ضروری سفر سے گریز کریں اور دفاتر و کام کی جگہوں پر ٹیلی کانفرنسنگ کو ترجیح دیں۔
وزیراعظم نے صوبائی حکومتوں کو ہدایت کی کہ موٹرسائیکل اور رکشہ مالکان کو رجسٹریشن اپنے نام کرانے کے لیے سہولیات فراہم کریں تاکہ ملک بھر میں ڈیجیٹائزڈ ڈیٹا تیار ہو اور ریلیف پروگرام سے فائدہ اٹھایا جا سکے۔
اس حوالے سے متعلقہ حکام کو چاروں صوبوں، آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان کے چیف سیکرٹریز سے رابطے تیز کرنے کی بھی ہدایت کی گئی۔


