شمالی وزیرستان میں افغانستان سرحد کے قریب سکیورٹی فورسز نے خوارج کے ایک گروہ کی نقل و حرکت کا سراغ لگا کر بروقت کارروائی کی۔ فورسز نے مؤثر حکمت عملی کے تحت دہشت گردوں کا مقابلہ کیا جس کے نتیجے میں بھارتی حمایت یافتہ تنظیم فتنہ الخوارج سے تعلق رکھنے والے آٹھ دہشت گرد ہلاک کر دیے گئے۔
سکیورٹی ذرائع کے مطابق کارروائی کے دوران ہلاک ہونے والے دہشت گردوں کے قبضے سے اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد کیا گیا۔ حکام کا کہنا ہے کہ یہ کارروائی دہشت گردی کے خلاف جاری آپریشنز کا حصہ ہے۔

سکیورٹی اداروں نے اس بات پر زور دیا ہے کہ افغان طالبان حکومت اپنی سرحدی ذمہ داریاں پوری کرے اور اپنی سرزمین کو دہشت گردی کے لیے استعمال ہونے سے روکے۔ مزید کہا گیا کہ پاکستان کی سکیورٹی فورسز ملک کے دفاع کے لیے پرعزم ہیں اور کسی بھی خطرے سے نمٹنے کی مکمل صلاحیت رکھتی ہیں۔
علاقے میں مزید دہشت گردوں کی موجودگی کے پیش نظر کلیئرنس آپریشن جاری ہے جبکہ "عزمِ استحکام” کے تحت دہشت گردی کے خاتمے کے لیے ملک بھر میں کارروائیاں تیز کر دی گئی ہیں۔


