دنیا کے معروف پاپ گلوکار مائیکل جیکسن کی زندگی پر مبنی فلم نے عالمی باکس آفس پر شاندار کامیابی حاصل کرتے ہوئے کئی بڑے ریکارڈ اپنے نام کر لیے ہیں۔
ہدایت کار اینٹونی فوکوا کی ہدایت کاری میں بننے والی اس فلم نے دنیا بھر میں 977.4 ملین ڈالر سے زائد کا بزنس کر کے معروف فلم اوپن ہائیمر کا ریکارڈ توڑ دیا، جس نے مجموعی طور پر 975.8 ملین ڈالر کا کاروبار کیا تھا۔
24 اپریل کو دنیا بھر کے سینما گھروں میں ریلیز ہونے والی اس فلم میں مائیکل جیکسن کے بھتیجے جعفر جیکسن نے مرکزی کردار ادا کیا ہے، جبکہ فلم کو لائنس گیٹ نے ریلیز کیا۔
رپورٹس کے مطابق صرف گزشتہ ہفتے کے اختتام پر فلم نے مزید 9.2 ملین ڈالر کا بزنس کیا، جس کے بعد اس کی مجموعی آمدنی 977.4 ملین ڈالر تک پہنچ گئی۔
فلمی تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ موجودہ رفتار برقرار رہی تو "مائیکل” بہت جلد ایک ارب ڈالر کا تاریخی سنگِ میل عبور کر لے گی۔ ایسا ہونے کی صورت میں یہ 2026 کی دوسری فلم ہوگی جو عالمی باکس آفس پر ایک ارب ڈالر سے زائد کا کاروبار کرنے میں کامیاب ہوگی۔ اس سے قبل سپر ماریو گلیکسی یہ اعزاز حاصل کر چکی ہے۔
ماہرین کے مطابق مائیکل جیکسن کی غیر معمولی عالمی مقبولیت، فلم کی بھرپور تشہیر اور مداحوں کی زبردست دلچسپی اس تاریخی کامیابی کی اہم وجوہات قرار دی جا رہی ہیں۔


