ادارہ شماریات نے ملک میں ہفتہ وار مہنگائی کے تازہ اعداد و شمار جاری کر دیے ہیں، جن کے مطابق ہفتہ وار بنیاد پر مہنگائی میں 0.98 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی ہے، جبکہ مجموعی سالانہ مہنگائی کی شرح 13.52 فیصد تک آ گئی ہے۔
ادارہ شماریات کے مطابق مجموعی مہنگائی میں کمی کے باوجود 23 اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔ ٹماٹر کی قیمت میں سب سے زیادہ 125.40 فیصد اضافہ ہوا، جبکہ پیاز 10.72 فیصد اور آلو 10.06 فیصد مہنگے ہوئے۔
اعداد و شمار کے مطابق انڈوں کی قیمت میں 8.32 فیصد اور آٹے کی قیمت میں 5.08 فیصد اضافہ ہوا، جبکہ دودھ، دہی، چاول اور دیگر روزمرہ استعمال کی کئی اشیا بھی مہنگی ہوئیں۔
دوسری جانب بعض اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں کمی بھی دیکھی گئی۔ ادارہ شماریات کے مطابق چکن 1.97 فیصد اور کیلے 1.44 فیصد سستے ہوئے، جبکہ دالوں، چینی، پیٹرول، ایل پی جی اور لہسن کی قیمتوں میں بھی کمی ریکارڈ کی گئی۔


