ایران کے صدر ڈاکٹر مسعود پزشکیان اپنے سرکاری دورۂ پاکستان کے دوران آج ایوانِ صدر پہنچے، جہاں صدر پاکستان آصف علی زرداری نے ان کا پرتپاک استقبال کیا۔اس موقع پر دونوں صدور نے ایک دوسرے کے لیے خیرسگالی کے جذبات کا اظہار کیا اور دونوں ممالک کے عوام کے لیے نیک تمناؤں کا پیغام دیا۔اس سے قبل دونوں ملکوں کے اعلیٰ سطحی حکام نے علاقائی تعاون، برادرانہ تعلقات اور مشترکہ مفادات پر بات چیت کے عزم کو دہرایا۔ صدر مسعود پزشکیان نے پاکستان کی مہمان نوازی اور اسلامی بھائی چارے کے جذبے کو سراہتے ہوئے کہا کہ دونوں اقوام تاریخی، ثقافتی اور دینی رشتوں سے جڑی ہوئی ہیں جنہیں مزید فروغ دینے کی ضرورت ہے۔صدر آصف علی زرداری نے بھی اس بات پر زور دیا کہ پاکستان اور ایران کے تعلقات باہمی احترام، مشترکہ مذہب اور ثقافت پر مبنی ہیں۔دونوں رہنماؤں نےخطے میں امن و استحکام برقرار رکھنے اور تنازعات کو روکنے کے لیےمشترکہ سفارتی کوششوں کی اہمیت پر زور دیا۔ صدر زرداری نے علاقائی امور پر ایران کے اصولی مؤقف کی تعریف کی اور مشکل حالات میں ایران کی جانب سے پاکستان کے ساتھ یکجہتی پر شکریہ ادا کیا۔صدر آصف علی زرداری نے کہا کہ پاکستان اور ایران خطے کے ایک پُرامن اور خوشحال مستقبل کے لیے باہمی تعاون جاری رکھیں گے۔ انہوں نے سپریم لیڈر سید علی خامنہ ای کا جموں و کشمیر پر بھارتی غیر قانونی قبضے کے خلاف مسلسل حمایت پر شکریہ ادا کیا۔ ساتھ ہی انہوں نے ایران کے خلاف اسرائیلی جارحیت کی سخت مذمت کی اور 12 روزہ جنگ کے دوران ایرانی قوم کی بہادری اور اتحاد کو خراجِ تحسین پیش کیا۔ایرانی صدر نے بھی 12 روزہ جنگ کے دوران پاکستان کی قیادت اور عوام کی حمایت پر شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان نے خطے میں کشیدگی کم کرنے اور تنازعات کے پرامن حل کے لیے مثبت کردار ادا کیا۔ صدر زرداری نے امید ظاہر کی کہ صدر پزشکیان کا یہ دورہ دونوں برادر ممالک کے تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کا باعث بنے گا۔
ایرانی صدر کی ایوان صدر میں صدر آصف علی زرداری سے ملاقات،پاک ایران تعلقات میں وسعت دینے پر اتفاق
Date: