ایران کی نیم سرکاری مہر خبررساں ایجنسی کے مطابق، ایران کی سپریم نیشنل سیکیورٹی کونسل کے سیکریٹری علی لاریجانی نے کہا ہے کہ امریکہ کے لامحدود مطالبات کا مقابلہ کرنے کے لیے ایرانی عوام کو قومی مزاحمت کا مظاہرہ کرنا ہوگا۔
تہران میں ایک سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ دشمن، خصوصاً امریکہ، پہلے ایران کی یورینیم افزودگی پر اعتراض کرتا ہے، اور اب وہ ایران کے میزائل پروگرام کو محدود کرنے اور خطے میں اس کے کردار کو اپنی مرضی کے مطابق ڈھالنے کی کوشش کر رہا ہے۔
علی لاریجانی نے کہا کہ یہی لوگ جو پہلے افزودگی کے حامی تھے، اب اس کے مخالف ہیں۔ان کے مطالبات کی کوئی حد نہیں۔انہوں نے زور دیا کہ ایران کو ان دباؤؤں کے سامنے جھکنے کے بجائے قومی مزاحمت کے راستے پر قائم رہنا چاہیے۔
اپنے خطاب میں انہوں نے یہ بھی واضح کیا کہ ایران مذاکرات کے خلاف نہیں ہے، مگر ایسے مذاکرات کی حمایت کرتا ہے جو “حقیقی” ہوں اور جن کے نتائج پہلے سے طے نہ کیے گئے ہوں۔


