امریکی وزیرِ خارجہ مارکو روبیو نے کہا ہے کہ پاکستان سمیت کئی ممالک نے غزہ میں امن و امان قائم کرنے کے لیے فوجی دستے بھیجنے پر غور کرنے کی پیش کش کی ہے۔ امریکا اس پیش کش پر پاکستان اور دیگر ممالک کا مشکور ہے۔
واشنگٹن میں پریس کانفرنس کے دوران ایک صحافی نے سوال پوچھا کہ کیا پاکستان نے باقاعدہ طور پر امریکی حکومت کو اپنی رضامندی دے دی ہے؟
اس پر وزیرِ خارجہ نے واضح کیا کہ ابھی تک کسی بھی ملک نے اپنے فوجی دستے بھیجنے کی حتمی یقین دہانی نہیں کرائی۔ کچھ ممالک اہم سوالات کے جواب چاہتے ہیں، جن پر بات چیت جاری ہے۔
مارکو روبیو کا کہنا تھا کہ امید ہے کہ ایسے کئی ممالک موجود ہیں جو تمام فریقوں کے لیے قابلِ قبول ہوں گے اور مستقبل میں غزہ کے استحکام کے لیے فورس کا حصہ بننے پر آمادہ ہو سکتے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ امریکا یہ چاہتا ہے کہ خطے میں امن قائم ہو اور عالمی برادری مشترکہ کوششوں سے انسانی بحران پر قابو پائے۔


