غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق، یمنی مسلح افواج کے ترجمان میجر جنرل یحیی سریع نے اعلان کیا ہے کہ تل ابیب کی جانب سے فلسطینیوں کے خلاف جارحیت کے تسلسل کے سبب اسرائیلی کشتیاں اب محفوظ نہیں رہیں گی۔یمنی انصار اللہ نے گذشتہ دنوں اسرائیل کو ڈیڈ لائن دی تھی کہ وہ فلسطینیوں پر مظالم اور غزہ کی ناکہ بندی ختم کرے۔ تل ابیب کی عدم توجہی کے بعد انصار اللہ نے فلسطینی عوام کی حمایت میں مزید عملی اقدامات کا آغاز کردیا ہے۔
اس حوالے سے یمنی مسلح افواج کے ترجمان میجر جنرل یحیی سریع نے کہا کہ اسرائیل کی ظالمانہ پالیسیوں کے باعث ایک بار پھر اسرائیلی حکومت سے منسلک بحری جہاز بحیرہ احمر اور آبنائے باب المندب میں غیر محفوظ ہوں گے۔انہوں نے مزید کہا کہ جب تک غزہ کی ناکہ بندی ختم نہیں کی جاتی اور امدادی قافلے وہاں نہیں پہنچ جاتے، اسرائیل سے وابستہ بحری جہازوں کے خلاف کارروائیاں جاری رہیں گی۔جنرل یحییٰ سریع نے ان تمام جہازوں کو بھی سخت انتباہ کیا جو اسرائیلی حکومت کے ساتھ کاروبار کے سلسلے میں بحیرہ احمر میں داخل ہوتے ہیں۔انہوں نے فلسطینی عوام، خاص طور پر غزہ اور مغربی کنارے میں مزاحمت کرنے والوں کو سلام پیش کرتے ہوئے اس بات پر زور دیا کہ یمن فلسطینیوں کی بہادرانہ جدوجہد کے ساتھ کھڑا ہے۔دوسری طرف یمنی وزارت دفاع نے بھی کہا ہے کہ اسرائیلی حکومت سے منسلک جہازوں کی یمنی پانیوں میں آمد پر پابندی فوری طور پر نافذ العمل ہوگی۔
اسرائیلی بحری جہازوں پر دوبارہ حملے، یمنی فوج کا سخت بیان آگیا
Date: