غیر ملکی خبر ایجنسی کے مطابق مقبوضہ جموں و کشمیر میں سری نگر کے نوگام پولیس اسٹیشن کے کمپاؤنڈ میں زور دار دھماکے کے بعد آگ بھڑک اٹھی، جس کے نتیجے میں بڑے پیمانے پر تباہی ہوئی۔
بھارتی میڈیا کے مطابق دھماکا پولیس اسٹیشن میں ضبط کیے گئے امونیم نائٹریٹ کے پھٹنے سے ہوا، جس کے باعث 7 افراد ہلاک اور 27 زخمی ہوگئے۔
ابتدائی رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ دھماکے نے پولیس اسٹیشن کے اندرونی حصوں کو شدید نقصان پہنچایا، جبکہ کمپاؤنڈ میں کھڑی متعدد گاڑیاں مکمل طور پر آگ کی لپیٹ میں آکر تباہ ہوگئیں۔
عمارت کا ایک بڑا حصہ بھی متاثر ہوا ہے جس کے باعث ریسکیو سرگرمیوں میں مشکلات پیش آرہی ہیں۔
حکام نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ ہلاکتوں میں مزید اضافہ ہوسکتا ہے، جبکہ دھماکے کی نوعیت اور ذمہ داری سے متعلق تحقیقات جاری ہیں۔


