سندھ حکومت نے کل سے کراچی میں ڈبل ڈیکر بس سروس شروع کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔ اس سلسلے میں صوبائی وزیر شرجیل انعام میمن نے اورنج لائن کو گرین لائن سے ملانے کے منصوبے کا افتتاح کیا اور اورنگی ٹاؤن میں واقع اورنج لائن ڈپو کا بھی جائزہ لیا۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شرجیل میمن نے کہا کہ یہ پاکستان کی پہلی بی آر ٹی سروس ہے جس میں ایک ہی کارڈ استعمال ہوگا اور حکومت کی کوشش ہے کہ روزانہ ایک لاکھ سے زائد مسافر اس سہولت سے فائدہ اٹھا سکیں۔
انہوں نے بتایا کہ گرین لائن اور اورنج لائن کے مسافروں کو اب دوہرا کرایہ ادا نہیں کرنا پڑے گا بلکہ ایک ہی کارڈ کے ذریعے دونوں لائنوں پر سفر ممکن ہوگا۔
شرجیل میمن کا کہنا تھا کہ کل سے ڈبل ڈیکر بس سروس کا آغاز کیا جا رہا ہے جو کراچی کے عوام کے لیے نئے سال کا تحفہ ہوگا، ابتدائی مرحلے میں یہ بسیں ملیر سے شارع فیصل تک چلیں گی جبکہ ان کا کرایہ پیپلز بس کے برابر رکھا گیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ فی الحال ڈبل ڈیکر بسیں تجرباتی بنیادوں پر محدود پیمانے پر چلائی جا رہی ہیں تاہم چیف سیکرٹری سے بات چیت کے بعد مزید ڈبل ڈیکر بسیں بھی شامل کی جائیں گی،
ان بسوں کا بڑا فائدہ یہ ہے کہ سڑکوں پر کم جگہ میں زیادہ مسافر سفر کر سکیں گے۔ صوبائی وزیر نے مزید کہا کہ ان تمام منصوبوں سے عوام کو سہولت ملے گی،
ریڈ لائن منصوبے میں درپیش مسائل کو وزیراعلیٰ کی ہدایات پر حل کر لیا گیا ہے اور وہاں کام شروع ہو چکا ہے، جبکہ حکومت سندھ نے چار کلومیٹر کا اورنج لائن منصوبہ بھی تیار کیا ہے، ای وی بسیں بھی پہنچ چکی ہیں جن کے لیے جلد نئے روٹس متعارف کرائے جائیں گے۔


