امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایران سے جاری کشیدگی کے حوالے سے دعویٰ کیا ہے کہ امریکہ کو جلد کامیابی حاصل ہونے والی ہے۔
ریاست نیواڈا کے شہر لاس ویگاس میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ایران ایک خوبصورت ملک ہے اور وہ جنگ نہیں چاہتے تھے، تاہم ایران کے جوہری پروگرام کے باعث یہ صورتحال پیدا ہوئی۔
صدر ٹرمپ کا کہنا تھا کہ ایران کے ساتھ جاری تنازعہ جلد ختم ہو جائے گا اور یہ جنگ مثبت انداز میں اپنے انجام کو پہنچے گی۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ آئندہ دو ماہ کے اندر یہ جنگ ختم ہو سکتی ہے اور امریکہ کو واضح فتح حاصل ہوگی۔
اپنی فوجی طاقت کا ذکر کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ایک امریکی بحری جہاز پر 111 راکٹ داغے گئے، تاہم امریکی افواج نے تمام راکٹ ناکام بنا دیے۔
ان کے مطابق امریکہ کے پاس دنیا کی بہترین فوج موجود ہے، جسے مزید جدید ٹیکنالوجی سے لیس کیا جا رہا ہے۔
امریکی صدر نے اس عزم کا اظہار بھی کیا کہ ملکی دفاع کو مزید مضبوط بنایا جائے گا تاکہ مستقبل میں کسی بھی خطرے کا مؤثر جواب دیا جا سکے۔


