مسقط: ایران کے وزیر خارجہ سید عباس عراقچی سرکاری دورے پر عمان کے دارالحکومت مسقط پہنچ گئے، جہاں عمانی حکام نے ان کا پرتپاک استقبال کیا۔
ایرانی وزارت خارجہ کے مطابق سید عباس عراقچی اپنے دورۂ عمان کے دوران عمانی قیادت اور اعلیٰ حکام سے ملاقاتیں کریں گے، جن میں دوطرفہ تعلقات، خطے کی موجودہ سکیورٹی صورتحال اور باہمی دلچسپی کے اہم علاقائی و بین الاقوامی امور پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔
ذرائع کے مطابق اس دورے میں ایران اور امریکہ کے درمیان جاری سفارتی رابطوں، آبنائے ہرمز کی صورتحال، خلیجی خطے میں بڑھتی ہوئی کشیدگی اور علاقائی امن و استحکام سے متعلق امور بھی زیر غور آنے کا امکان ہے۔ عمان ماضی کی طرح اس بار بھی خطے میں سفارتی رابطوں اور ثالثی کی کوششوں میں اہم کردار ادا کر رہا ہے۔
تجزیہ کاروں کے مطابق مسقط میں ہونے والی ملاقاتوں کو موجودہ علاقائی بحران کے تناظر میں انتہائی اہم قرار دیا جا رہا ہے، کیونکہ عمان طویل عرصے سے ایران اور مغربی ممالک کے درمیان اعتماد سازی اور مذاکرات کے لیے ایک قابلِ اعتماد سفارتی پل کا کردار ادا کرتا رہا ہے۔
دورے کے دوران ایرانی وزیر خارجہ کی عمانی حکام کے ساتھ ملاقاتوں کے بعد مشترکہ بیان یا اہم پیش رفت سامنے آنے کا امکان بھی ظاہر کیا جا رہا ہے۔


