امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ ایران کے ساتھ مجوزہ معاہدے کی راہ میں اب کوئی بڑی رکاوٹ باقی نہیں رہی اور دونوں ممالک جلد کسی حتمی نتیجے پر پہنچ سکتے ہیں۔
غیر ملکی خبررساں ایجنسی کو دیے گئے انٹرویو میں انہوں نے کہا کہ مذاکرات فیصلہ کن مرحلے میں داخل ہو چکے ہیں۔ ان کے بقول، “ہم معاہدے کے بہت قریب ہیں، اور یہ سب فریقین کے لیے ایک مثبت پیش رفت ثابت ہو سکتی ہے۔”
امریکی صدر نے مزید دعویٰ کیا کہ ایران کے ساتھ کسی بھی بڑے اختلافی نکات کو حل کر لیا گیا ہے اور اب معاہدے کی راہ ہموار ہو چکی ہے۔
ڈونلڈ ٹرمپ نے آبنائے ہرمز کی صورتحال پر بات کرتے ہوئے کہا کہ یہ اہم بحری گزرگاہ کھلی رہے گی، جبکہ تجارتی جہازوں کی آمد و رفت کے لیے راستہ پہلے ہی بحال کیا جا چکا ہے۔
تجزیہ کاروں کے مطابق، اگر یہ معاہدہ طے پا جاتا ہے تو نہ صرف خطے میں کشیدگی میں کمی آئے گی بلکہ عالمی سطح پر توانائی اور تجارت کے شعبوں میں بھی مثبت اثرات مرتب ہوں گے۔


