ایرانی پاسدارانِ انقلاب کی بحریہ نے آبنائے ہرمز سے گزرنے والے بحری جہازوں کے لیے نئی ہدایات جاری کرتے ہوئے واضح کیا ہے کہ تمام جہازوں کو پیشگی اجازت حاصل کرنا ہوگی۔
جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ سویلین یا تجارتی جہازوں کو مخصوص اور مقررہ بحری راستوں کے ذریعے گزرنے کی اجازت دی جائے گی، جبکہ فوجی نوعیت کے جہازوں کے لیے آبنائے ہرمز عبور کرنے پر پابندی عائد کر دی گئی ہے۔
پاسدارانِ انقلاب کی بحریہ کے مطابق خطے میں سکیورٹی صورتحال کے پیشِ نظر یہ اقدامات کیے گئے ہیں، اور آبنائے ہرمز میں ہر قسم کی نقل و حرکت صرف ان کی اجازت سے ہی ممکن ہوگی۔
حکام کا کہنا ہے کہ ان ہدایات کا مقصد حساس بحری گزرگاہ میں نظم و ضبط برقرار رکھنا اور کسی بھی ممکنہ کشیدگی یا خطرے سے بچاؤ کو یقینی بنانا ہے۔


