اقوامِ متحدہ میں پاکستان کے مستقل مندوب عاصم افتخار نے آبنائے ہرمز کی بندش پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے پاکستانی جہازوں اور عملے کی حفاظت سمیت محفوظ بحری آمدورفت کو یقینی بنانے کا مطالبہ کیا ہے۔
اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ آبنائے ہرمز کی موجودہ صورتحال کے منفی اثرات دنیا بھر کے ممالک پر پڑ رہے ہیں، جبکہ پاکستان بھی اس سے متاثر ہو رہا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ اس بحران کے اثرات صرف توانائی کی فراہمی تک محدود نہیں بلکہ کھاد اور دیگر ضروری اشیاء کی ترسیل بھی متاثر ہو رہی ہے۔
عاصم افتخار نے اس بات پر زور دیا کہ آبنائے ہرمز کو جلد از جلد کھولا جائے اور حالات کو معمول پر لایا جائے، کیونکہ یہ معاملہ نہ صرف خطے بلکہ عالمی سطح پر بھی انتہائی اہمیت کا حامل ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ اس حوالے سے کسی بھی قسم کی مشاورت یا اقدامات میں خلیجی تعاون کونسل (جی سی سی) ممالک کے جائز مفادات کو بھی مدنظر رکھا جانا چاہیے۔
پاکستانی مندوب نے واضح کیا کہ پاکستان اس اہم بحری گزرگاہ میں معمول کی نقل و حرکت کی بحالی، جہازوں کی سلامتی اور عملے کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے فوری اقدامات کا خواہاں ہے۔


