ایران کے اسپیکر پارلیمنٹ محمد باقر قالیباف نے کہا ہے کہ امریکا کی جانب سے ممکنہ بحری ناکہ بندی اور بڑھتے ہوئے دباؤ کا مقصد ایران کو اندرونی طور پر کمزور کرنا اور اختلافات کو ہوا دینا ہے۔
محمد باقر قالیباف کے مطابق امریکی پالیسی ایران کو سخت گیر اور اعتدال پسند حلقوں میں تقسیم کرنے کی کوشش کر رہی ہے، جبکہ اقتصادی دباؤ اور بحری ناکہ بندی کے ذریعے ملک میں بے چینی اور انتشار پیدا کرنے کا ہدف بھی رکھا گیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ دشمن ایک نئے مرحلے میں داخل ہو چکا ہے جہاں میڈیا پروپیگنڈا، اقتصادی پابندیاں اور ممکنہ بحری اقدامات کے ذریعے ایران پر دباؤ بڑھایا جا رہا ہے تاکہ ملک کو اندر سے کمزور کیا جا سکے۔
اسپیکر ایرانی پارلیمنٹ نے زور دیا کہ موجودہ صورتحال میں قومی اتحاد، یکجہتی اور داخلی استحکام ہی ان چیلنجز کا مؤثر جواب ہے۔


