وزیر اعظم شہباز شریف نے پانچ سالہ وزیراعظم اپنا گھر پروگرام کا افتتاح کر دیا، جسے ملک میں کم آمدنی والے طبقے کے لیے سستے رہائشی منصوبوں کی جانب ایک اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔ حکومت کے مطابق اس پروگرام کے تحت 3.2 ٹریلین روپے کی لاگت سے ملک بھر میں 5 لاکھ گھر تعمیر کیے جائیں گے۔
حکومتی حکام کے مطابق منصوبے کا مقصد کم آمدنی والے خاندانوں کو اپنی رہائش کی سہولت فراہم کرنے کے ساتھ ساتھ تعمیرات، صنعت اور کاروباری سرگرمیوں کو فروغ دے کر معیشت میں نئی جان ڈالنا بھی ہے۔
پروگرام کے پہلے مرحلے میں ایک سال کے دوران 50 ہزار گھروں کی تعمیر کا ہدف مقرر کیا گیا ہے، جبکہ آئندہ چار برسوں میں مجموعی تعداد 5 لاکھ تک پہنچائی جائے گی۔
افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف نے منصوبے کو اپنی حکومت کے اہم ترین اقدامات میں شامل قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ صرف رہائش فراہم کرنے کا منصوبہ نہیں بلکہ معاشی سرگرمیوں کو تیز کرنے کا بھی ذریعہ بنے گا۔
انہوں نے کہا کہ یہ منصوبہ طویل مشاورت، مسلسل محنت اور مختلف چیلنجز پر قابو پانے کے بعد تشکیل دیا گیا ہے۔ ان کے مطابق مناسب رہائش تک رسائی ریاست کی بنیادی ذمہ داری ہے، جبکہ ملک کی بڑی آبادی اب بھی معیاری چھت سے محروم ہے۔
وزیراعظم نے بتایا کہ اس پروگرام کو وفاقی اور صوبائی سطح پر ایک مشترکہ قومی منصوبے کے طور پر ترتیب دیا گیا ہے، جس میں چاروں صوبوں کے علاوہ گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر کو بھی شامل کیا گیا ہے۔
منصوبے کے مالیاتی ڈھانچے کے تحت 1 کروڑ روپے تک کے ہاؤسنگ قرضے فراہم کیے جائیں گے، جن پر ابتدائی طور پر 5 فیصد مارک اپ لاگو ہوگا۔ حکام کے مطابق 10 سال بعد شرحِ منافع مارکیٹ ریٹ کے مطابق تبدیل ہو سکے گی جبکہ قرض کی ادائیگی کی مدت 20 سال تک رکھی گئی ہے۔
وزیراعظم نے کہا کہ پہلے سال میں 321 ارب روپے کی فنانسنگ کے ذریعے 50 ہزار گھروں کی تعمیر شروع کی جائے گی۔ انہوں نے اس بات کا بھی اعلان کیا کہ وہ ذاتی طور پر ہر ماہ اس منصوبے کی پیش رفت کا جائزہ لیں گے۔
حکومت کے مطابق اس اسکیم سے تعمیراتی شعبے میں بڑے پیمانے پر روزگار کے مواقع پیدا ہونے کی توقع ہے، جن میں ہنرمند اور غیر ہنرمند مزدور، انجینئرز، ڈرافٹس مین اور متعلقہ خدمات فراہم کرنے والے افراد شامل ہوں گے۔
وزیراعظم نے شریک بینکوں پر زور دیا کہ وہ قرضوں کی بروقت اور شفاف فراہمی یقینی بنائیں تاکہ مستحق شہری اس منصوبے سے مؤثر انداز میں فائدہ اٹھا سکیں۔


