امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے سعودی عرب، قطر اور متحدہ عرب امارات کی درخواست پر ایران پر کل کیلئے طے شدہ فوجی حملہ مؤخر کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔
صدر ٹرمپ نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ٹروتھ سوشل پر جاری اپنے بیان میں کہا کہ قطر کے امیر شیخ تمیم بن حمد آل ثانی، سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان اور یو اے ای کے صدر شیخ محمد بن زاید آل نہیان نے ان سے ایران پر ممکنہ حملہ روکنے کی اپیل کی۔
ٹرمپ کے مطابق خلیجی رہنماؤں کا مؤقف ہے کہ اس وقت ایران کے ساتھ سنجیدہ مذاکرات جاری ہیں اور امید ظاہر کی جا رہی ہے کہ ایک ایسا معاہدہ طے پا سکتا ہے جو نہ صرف امریکا بلکہ پورے مشرق وسطیٰ اور دیگر ممالک کے لیے بھی قابلِ قبول ہوگا۔
امریکی صدر نے کہا کہ ممکنہ معاہدے کا سب سے اہم نکتہ یہ ہوگا کہ ایران کسی بھی صورت جوہری ہتھیار حاصل نہ کر سکے۔ انہوں نے اشارہ دیا کہ اگر سفارتی کوششیں کامیاب رہیں تو خطے کو ایک بڑے تصادم سے بچایا جا سکتا ہے۔


