ایران کی مسلح افواج نے خبردار کیا ہے کہ ملکی دفاعی صلاحیتوں پر کسی قسم کا سمجھوتہ ممکن نہیں اور دشمن کی کسی بھی نئی جارحیت کا جواب پہلے سے زیادہ سخت اور تباہ کن انداز میں دیا جائے گا۔
مہر خبررساں ایجنسی کے مطابق، میجر جنرل احمد وحیدی نے یوم آزادی خرمشہر کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا کہ خرمشہر کی تاریخی فتح ایرانی قوم کی مزاحمت، قربانی اور استقامت کی روشن علامت ہے۔
انہوں نے کہا کہ جس جذبے سے ایرانی عوام نے 578 دن کے قبضے کے بعد خرمشہر کو آزاد کرایا، اسی عزم کا مظاہرہ حالیہ 40 روزہ جنگ میں بھی کیا گیا۔
انہوں نے دعویٰ کیا کہ ایران کی بھرپور مزاحمت اور مسلح افواج کے مؤثر جواب کے باعث دشمن کو بالآخر جنگ بندی پر آمادہ ہونا پڑا۔
ان کے بقول دشمن نے ایران کے خلاف کثیرالجہتی جنگ مسلط کی، تاہم عوامی حمایت اور بروقت کارروائیوں نے تمام منصوبے ناکام بنا دیے۔
سپاہ پاسداران کے سربراہ نے کہا کہ ایران نے اپنی دفاعی صلاحیتوں کو اس سطح تک پہنچا دیا ہے کہ دشمن کسی بھی اقدام سے قبل کئی بار سوچنے پر مجبور ہے۔
انہوں نے جوہری، میزائل اور جدید ٹیکنالوجی کے شعبوں میں پیش رفت کو ایران کی فعال دفاعی حکمت عملی کا اہم حصہ قرار دیا۔
میجر جنرل احمد وحیدی کا کہنا تھا کہ ایران کا اصل اسٹریٹجک سرمایہ اس کے متحد اور پرعزم عوام ہیں، جو دشمن کی ہر سازش کے سامنے مضبوط دیوار بنے ہوئے ہیں۔
انہوں نے مزید خبردار کیا کہ ایران کی مسلح افواج مکمل ہائی الرٹ ہیں اور اگر کسی بھی قسم کی نئی جارحیت کی گئی تو اس کا جواب صرف خطے تک محدود نہیں رہے گا بلکہ دشمن کے اہم ٹھکانوں کو بھی نشانہ بنایا جا سکتا ہے۔
اپنے پیغام کے اختتام پر انہوں نے کہا کہ خرمشہر کی فتح صرف ایک تاریخی واقعہ نہیں بلکہ مستقبل کی بڑی کامیابیوں کی نوید ہے، اور یہ سفر مقبوضہ بیت المقدس کی آزادی اور صیہونی حکومت کے منطقی انجام کی جانب بڑھ رہا ہے۔


