ترک بری افواج کے کمانڈر جنرل میتن توکیل نے آج جنرل ہیڈکوارٹرز (جی ایچ کیو) راولپنڈی میں فیلڈ مارشل سید عاصم منیر، نشانِ امتیاز (ملٹری)، ہلالِ جرات، چیف آف آرمی اسٹاف و چیف آف ڈیفنس فورسز سے ملاقات کی۔
جی ایچ کیو آمد پر معزز مہمان کو پاک فوج کے چاق و چوبند دستے نے گارڈ آف آنر پیش کیا۔
ملاقات کے دوران باہمی پیشہ ورانہ دلچسپی کے امور، علاقائی سیکیورٹی کی صورتحال اور دوطرفہ دفاعی تعاون کو مزید فروغ دینے کے امکانات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے دونوں ممالک کے درمیان گہرے تاریخی، ثقافتی اور تزویراتی تعلقات کو اجاگر کرتے ہوئے پاکستان اور ترکیہ کی مسلح افواج کے مابین مضبوط دفاعی شراکت داری کو سراہا۔
معزز ترک مہمان نے نیول ہیڈکوارٹرز (این ایچ کیو) اسلام آباد کا بھی دورہ کیا اور ایڈمرل نوید اشرف، نشانِ امتیاز، نشانِ امتیاز (ملٹری)، تمغۂ بسالت، چیف آف نیول اسٹاف سے ملاقات کی۔ اس موقع پر پیشہ ورانہ امور اور خطے میں بحری سلامتی کی صورتحال پر گفتگو کی گئی۔
ترک بری افواج کے کمانڈر نے ایئر ہیڈکوارٹرز (اے ایچ کیو) اسلام آباد میں ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو، نشانِ امتیاز (ملٹری)، ہلالِ جرات، چیف آف ایئر اسٹاف سے بھی ملاقات کی۔ اس ملاقات میں دوطرفہ عسکری تعاون اور پیشہ ورانہ دلچسپی کے دیگر امور زیر بحث آئے۔
ترک کمانڈر نے پاکستان کی مسلح افواج کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو سراہتے ہوئے خطے میں امن و استحکام کے لیے ان کی خدمات کا اعتراف کیا۔ انہوں نے دونوں برادر ممالک کی افواج کے درمیان دفاعی تعاون اور ادارہ جاتی روابط کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا بھی اظہار کیا۔


