اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے اعلان کیا ہے کہ امریکا اور ایران کے درمیان طویل اور اہم مذاکرات کے بعد امن معاہدہ طے پا گیا ہے، جبکہ اس معاہدے پر دستخط کی باضابطہ تقریب 19 جون کو سوئٹزرلینڈ میں منعقد ہوگی۔
سوشل میڈیا پر جاری اپنے بیان میں وزیراعظم نے کہا کہ قطر، سعودی عرب اور ترکیے نے معاہدے تک پہنچنے میں اہم اور مثبت کردار ادا کیا، جس پر وہ ان ممالک کے شکر گزار ہیں۔

وزیراعظم کے مطابق فریقین نے تمام محاذوں پر فوجی کارروائیاں فوری اور مستقل طور پر بند کرنے پر اتفاق کیا ہے۔ معاہدے میں لبنان سمیت دیگر تمام متعلقہ محاذوں پر جنگی سرگرمیوں کے خاتمے کی شقیں بھی شامل ہیں۔
شہباز شریف نے بتایا کہ ثالثی کا کردار ادا کرنے والے ممالک رواں ہفتے متعدد اہم ملاقاتیں کریں گے، جن میں معاہدے پر عملدرآمد سے قبل تکنیکی اور انتظامی امور پر مشاورت کی جائے گی۔
انہوں نے تنازع کے سفارتی حل کی جانب پیش رفت پر امریکا اور ایران کا بھی شکریہ ادا کرتے ہوئے امید ظاہر کی کہ یہ معاہدہ خطے میں امن، استحکام اور تعاون کے فروغ میں اہم سنگ میل ثابت ہوگا۔


