اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر ڈاکٹر مسعود پزشکیان نے اپنے ایک روزہ دورۂ پاکستان کے دوران فیلڈ مارشل سید عاصم منیر سے ملاقات کی، جس میں خطے کی موجودہ صورتحال، علاقائی پیش رفت اور امن و استحکام کے فروغ کے لیے جاری سفارتی کوششوں پر تفصیلی تبادلۂ خیال کیا گیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق ملاقات کے دوران ایرانی صدر نے مذاکرات کے فروغ، کشیدگی میں کمی اور علاقائی استحکام کے لیے پاکستان کے تعمیری، ذمہ دارانہ اور مؤثر کردار کو سراہا۔ انہوں نے تنازعات کے پرامن حل کے لیے پاکستان کی مسلسل سفارتی کاوشوں کو قابلِ قدر قرار دیتے ہوئے علاقائی فریقین کے درمیان اعتماد سازی اور مفاہمت کے فروغ میں پاکستان کی کوششوں کی بھی تعریف کی۔
صدر پزشکیان نے کہا کہ موجودہ علاقائی چیلنجز کے دوران پاکستان نے ہمیشہ تحمل، مکالمے اور سفارتکاری کے ذریعے مسائل کے حل کی حمایت کی ہے، جو خطے میں امن کے قیام کے لیے نہایت اہم ہے۔
اس موقع پر فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے خطے میں امن، استحکام اور خوشحالی کے لیے پاکستان کے غیر متزلزل عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان تمام تنازعات کے حل کے لیے بات چیت، تعاون اور باہمی احترام کی پالیسی پر یقین رکھتا ہے۔
ملاقات میں دونوں رہنماؤں نے پاکستان اور ایران کے درمیان تاریخی، برادرانہ اور ہمہ جہت تعلقات کو مزید مستحکم بنانے کے عزم کا اظہار کیا۔ اس کے علاوہ باہمی دلچسپی کے امور، علاقائی سلامتی اور مشترکہ چیلنجز سے نمٹنے کے لیے قریبی مشاورت اور تعاون جاری رکھنے پر بھی اتفاق کیا گیا۔
واضح رہے کہ ایرانی صدر ڈاکٹر مسعود پزشکیان ایک روزہ سرکاری دورے پر پاکستان پہنچے ہیں۔ نور خان ایئربیس پر ان کا استقبال صدرِ پاکستان آصف علی زرداری، وزیر اعظم شہباز شریف اور نائب وزیر اعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے کیا۔


