محمود خان اچکزئی کا قومی اسمبلی میں خطاب، پارلیمان کو مضبوط بنانے اور تمام اکائیوں کو اختیار دینے پر زور

Date:

قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف محمود خان اچکزئی نے کہا ہے کہ پاکستان صرف ایک علاقے کا نام نہیں بلکہ بلوچستان، خیبر پختونخوا، آزاد کشمیر سمیت تمام اکائیوں پر مشتمل ملک ہے۔ انہوں نے وزیرِ اعظم شہباز شریف سے مطالبہ کیا کہ وہ آزاد کشمیر کے معاملے پر ایک نمائندہ وفد بھیج کر بات چیت کا راستہ اختیار کریں۔

قومی اسمبلی کے اجلاس میں اظہارِ خیال کرتے ہوئے محمود خان اچکزئی نے کہا کہ پارلیمان کو مضبوط بنا کر وزیرِ اعظم شہباز شریف ملک کے سب سے طاقتور وزیراعظم بن سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اگر پارلیمنٹ کو بااختیار بنایا جائے تو ان کی جماعت حکومت کی حمایت کرے گی۔

قائد حزب اختلاف کی تقریر کے آغاز پر قومی اسمبلی کی کارروائی براہ راست نشر نہ کیے جانے پر بھی اعتراضات سامنے آئے۔ ان کے خطاب کے دوران سرکاری ٹی وی کی براہ راست نشریات روک دی گئیں، جبکہ ویب اسٹریمنگ بھی ان کی تقریر شروع ہوتے ہی بند ہوگئی۔

اپنے خطاب میں محمود خان اچکزئی نے کہا کہ ماضی میں آزاد کشمیر میں پاکستان کے حق میں نعرے لگتے تھے، تاہم وہاں کے لوگوں کے ساتھ ہونے والے سلوک پر افسوس کا اظہار کیا۔ انہوں نے وزیرِ اعظم کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ آزاد کشمیر کے عوام کے مسائل کے حل کے لیے بات چیت کا راستہ اختیار کیا جائے۔

انہوں نے کہا کہ بلوچستان کے وسائل ملک کے لیے استعمال ہوتے رہے ہیں، سوئی گیس سمیت قدرتی وسائل سے فائدہ اٹھایا گیا، لیکن بلوچستان کی ترقی کے لیے مزید اقدامات کی ضرورت ہے۔

محمود خان اچکزئی نے کہا کہ انہوں نے آئین پاکستان کے تحفظ کا حلف اٹھایا ہے اور انہیں کسی مالی فائدے یا مراعات کی ضرورت نہیں، بلکہ ان کا مطالبہ صرف یہ ہے کہ آئین، پارلیمنٹ اور جمہوری اداروں کو مضبوط کیا جائے۔

انہوں نے کہا، "شہباز شریف صاحب، پارلیمان کو مضبوط کریں، آپ پاکستان کے سب سے طاقتور وزیراعظم بن جائیں گے۔ ہم آپ کی مکمل حمایت اور تعاون کریں گے۔” ان کا کہنا تھا کہ خارجہ پالیسی سمیت اہم قومی فیصلے پارلیمان سے ہونے چاہئیں کیونکہ یہی ایوان عوامی طاقت کا اصل سرچشمہ ہے۔

قائد حزب اختلاف نے عدالتی اور انتظامی معاملات پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ ماضی میں بزرگ شہریوں کو رعایت دی جاتی تھی، لیکن آج ستر ستر سال کے افراد کو طویل سزائیں سنائی جا رہی ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ اگر تمام قومیتوں اور وفاقی اکائیوں کو ان کے آئینی اختیارات دیے جائیں تو ملک ترقی کی راہ پر گامزن ہو سکتا ہے۔

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here

Share post:

Subscribe

spot_imgspot_img

Popular

More like this
Related