حکومت نے یکم جولائی 2026 سے ملک بھر کے تمام پاسپورٹ دفاتر میں نقد فیس وصولی کا نظام ختم کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے، جس کے بعد پاسپورٹ فیس صرف ڈیجیٹل ذرائع سے جمع کروائی جا سکے گی۔
ڈی جی امیگریشن اینڈ پاسپورٹس محمد علی رندھاوا کی زیر صدارت ہونے والے زونل سربراہان کے اجلاس میں بریفنگ کے دوران بتایا گیا کہ نئے نظام کے تحت پاسپورٹ فیس کی ادائیگی صرف کیو آر کوڈ کے ذریعے قبول کی جائے گی۔
اجلاس میں مزید بتایا گیا کہ شہریوں کی سہولت کے لیے جلد ایک نئی پاسپورٹ موبائل ایپ متعارف کرائی جا رہی ہے، جس کے ذریعے اندرون اور بیرون ملک مقیم پاکستانی گھر بیٹھے پاسپورٹ کی درخواست جمع کرا سکیں گے۔ اس کے علاوہ درخواست گزار اپنا پاسپورٹ اپنی دہلیز پر وصول کرنے کی سہولت بھی حاصل کر سکیں گے۔
حکام کے مطابق ڈائریکٹوریٹ جنرل امیگریشن اینڈ پاسپورٹس آئندہ صرف ای پاسپورٹس جاری کرے گا، جبکہ اس وقت استعمال ہونے والے تمام مشین ریڈ ایبل پاسپورٹس اپنی معیاد ختم ہونے تک مکمل طور پر قابلِ استعمال اور قابلِ قبول رہیں گے۔
حکومت کا کہنا ہے کہ ان اقدامات کا مقصد پاسپورٹ کے اجرا کے عمل کو مزید جدید، شفاف اور عوام دوست بنانا ہے۔


