سانحہ بلدیہ فیکٹری کیس: رحمان بھولا اور زبیر چریا جیل سے رہا، متاثرین کی جانب سے کیس دوبارہ کھولنے کا مطالبہ

Date:

کراچی: سانحہ بلدیہ فیکٹری کیس میں سزائے موت کالعدم قرار دیے جانے کے بعد ملزمان عبدالرحمان عرف بھولا اور زبیر عرف چریا کو سینٹرل جیل کراچی سے رہا کر دیا گیا۔

سپرنٹنڈنٹ سینٹرل جیل کے مطابق دونوں ملزمان جیل میں قید تھے اور تمام قانونی کارروائیاں مکمل ہونے کے بعد انہیں باقاعدہ طور پر رہا کیا گیا۔ رہائی کا عمل سندھ ہائی کورٹ کی جانب سے جاری کردہ ریلیز آرڈرز موصول ہونے کے بعد مکمل کیا گیا۔

ذرائع کے مطابق رجسٹرار سندھ ہائی کورٹ نے دونوں ملزمان کی رہائی کے احکامات جاری کیے تھے، جنہیں بعد ازاں انسداد دہشت گردی عدالت اور سینٹرل جیل انتظامیہ کو ارسال کیا گیا۔ عدالتی احکامات کی روشنی میں جیل حکام نے رہائی کے تمام مراحل مکمل کیے۔

یاد رہے کہ رواں ماہ 10 جون کو سپریم کورٹ میں سانحہ بلدیہ ٹاؤن کیس کی سماعت کے دوران عدالتِ عظمیٰ نے ملزمان عبدالرحمان عرف بھولا اور زبیر عرف چریا کی اپیلیں منظور کرتے ہوئے ٹرائل کورٹ اور سندھ ہائی کورٹ کی جانب سے سنائی گئی سزائے موت کو کالعدم قرار دے دیا تھا۔

جسٹس شہزاد ملک کی سربراہی میں قائم تین رکنی بینچ نے شواہد اور قانونی نکات کا جائزہ لینے کے بعد دونوں ملزمان کو بری کرنے کا حکم جاری کیا، جس کے نتیجے میں ان کی رہائی کی راہ ہموار ہوئی۔

دوسری جانب سانحہ بلدیہ فیکٹری کے متاثرین، جاں بحق مزدوروں کے اہل خانہ اور مزدور تنظیموں نے فیصلے پر تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے کیس کو دوبارہ کھولنے اور واقعے کے ذمہ داران کا تعین کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔ متاثرین کا کہنا ہے کہ سانحے کے تمام پہلوؤں کی مکمل اور شفاف تحقیقات ہونی چاہئیں تاکہ متاثرہ خاندانوں کو انصاف فراہم کیا جا سکے۔

واضح رہے کہ 11 ستمبر 2012 کو کراچی کی بلدیہ ٹاؤن میں واقع گارمنٹس فیکٹری میں لگنے والی ہولناک آگ کے نتیجے میں 250 سے زائد افراد جاں بحق ہوئے تھے، جسے پاکستان کی تاریخ کے بدترین صنعتی سانحات میں شمار کیا جاتا ہے۔

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here

Share post:

Subscribe

spot_imgspot_img

Popular

More like this
Related