ایران امریکا مفاہمتی معاہدہ پاکستان کے لیے باعثِ اعزاز، ایرانی صدر کا دورہ ہمارے کردار کا اعتراف ہے: وزیراعظم شہباز شریف

Date:

وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ ایران اور امریکا کے درمیان مفاہمتی معاہدہ پاکستان کے لیے باعثِ اعزاز ہے، جبکہ ایرانی صدر مسعود پزشکیان کا حالیہ دورۂ پاکستان دونوں برادر ممالک کے مضبوط تعلقات اور خطے میں پاکستان کے اہم کردار کا اعتراف تھا۔

کراچی میں پاک بحریہ کی پاسنگ آؤٹ پریڈ سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے پاس آؤٹ ہونے والے کیڈٹس کو مبارکباد پیش کی اور دوست ممالک سے آئے ہوئے کیڈٹس کی موجودگی پر خوشی کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ "معرکۂ حق” میں پاک بحریہ نے انتہائی شاندار اور پیشہ ورانہ کردار ادا کیا، جو پوری قوم کے لیے باعثِ فخر ہے۔

وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان کی مخلصانہ سفارتی کوششوں کے نتیجے میں اسلام آباد میں ایران اور امریکا کے درمیان مفاہمتی یادداشت پر دستخط کیے گئے، جو پاکستان کی کامیاب سفارت کاری کا اہم مظہر ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اس پیش رفت میں دوست ممالک کے تعاون کو بھی قدر کی نگاہ سے دیکھا جانا چاہیے، جبکہ قیامِ امن کے لیے فیلڈ مارشل عاصم منیر نے شب و روز انتھک محنت کی۔

شہباز شریف نے کہا کہ ایرانی صدر مسعود پزشکیان کا دورۂ پاکستان برادرانہ تعلقات کی عکاسی کرتا ہے اور یہ اس بات کا ثبوت ہے کہ عالمی اور علاقائی سطح پر پاکستان کا کردار تسلیم کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ خطے میں تیزی سے بڑی تبدیلیاں رونما ہو رہی ہیں، جن کے دور رس اثرات مرتب ہوں گے۔

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ پاکستان کو بیرونی سرپرستی میں ہونے والی دہشت گردی کا سامنا ہے اور مشرقی ہمسائے نے شکست کے بعد پراکسیز کا استعمال شروع کر دیا ہے۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ افواجِ پاکستان دہشت گردی کے مکمل خاتمے اور ملک کے امن و استحکام کے لیے پُرعزم ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان دنیا بھر میں امن کے علمبردار کے طور پر جانا جاتا ہے اور ملک اپنے اصولی مؤقف کے مطابق کشمیر اور فلسطین کے عوام کی غیر متزلزل حمایت جاری رکھے گا۔

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here

Share post:

Subscribe

spot_imgspot_img

Popular

More like this
Related