ایران کی وزارت خارجہ نے امریکا پر جنگ بندی معاہدے کی خلاف ورزی کا الزام عائد کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس قسم کی کارروائیاں ہرگز برداشت نہیں کی جائیں گی، جبکہ خلیج فارس کے اطراف واقع ممالک کو خبردار کیا ہے کہ وہ خطے کی موجودہ صورتحال کے پیش نظر محتاط رویہ اختیار کریں۔
ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ امریکا نے اپنے معاہداتی وعدوں کی خلاف ورزی کرتے ہوئے خطے میں کشیدگی کو ہوا دی ہے، جس کے نتائج کی تمام تر ذمہ داری واشنگٹن پر عائد ہوگی۔
بیان میں کہا گیا کہ ایران اپنی خودمختاری، قومی سلامتی اور علاقائی سالمیت کے تحفظ کے لیے ہر ضروری اقدام کا حق محفوظ رکھتا ہے اور کسی بھی جارحیت یا معاہدے کی خلاف ورزی کا مناسب جواب دیا جائے گا۔

وزارت خارجہ نے خلیج فارس کے جنوبی ساحل پر واقع ممالک سے بھی اپیل کی کہ وہ "ہوش کے ناخن لیں” اور اپنی سرزمین، فضائی حدود یا عسکری سہولیات کو کسی تیسرے ملک کی جانب سے ایران کے خلاف جارحانہ کارروائیوں کے لیے استعمال نہ ہونے دیں۔
بیان میں مزید کہا گیا کہ ایران حسنِ ہمسائیگی، علاقائی تعاون اور امن کا خواہاں ہے، تاہم قومی سلامتی کے خلاف کسی بھی اقدام پر خاموش نہیں رہے گا اور اپنے مفادات کے تحفظ کے لیے تمام ضروری اقدامات کرے گا۔
ایرانی وزارت خارجہ نے ایک بار پھر عالمی برادری سے مطالبہ کیا کہ وہ خطے میں کشیدگی بڑھانے والے اقدامات کا نوٹس لے اور بین الاقوامی قوانین اور معاہدوں کی پاسداری کو یقینی بنانے کے لیے مؤثر کردار ادا کرے۔


