: پاک فوج کے شعبۂ تعلقاتِ عامہ (آئی ایس پی آر) نے کہا ہے کہ سکیورٹی فورسز نے بلوچستان کی سرحد پر افغانستان سے آنے والے چار ڈرونز کو بروقت کارروائی کرتے ہوئے کامیابی سے تباہ کر دیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق 30 جون کو افغان طالبان حکومت کے زیرِ کنٹرول علاقوں سے سرگرم دہشت گرد تنظیموں کی معاونت سے چار ڈرونز پاکستان کی جانب بھیجے گئے، تاہم پاکستان کے متحرک فضائی دفاعی نظام نے فوری طور پر ان کی نشاندہی کرتے ہوئے مؤثر جوابی کارروائی کی اور تمام ڈرونز کو مار گرایا۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ سکیورٹی فورسز نے جدید دفاعی نظام اور اعلیٰ پیشہ ورانہ مہارت کا مظاہرہ کرتے ہوئے دشمن کے تمام مذموم عزائم ناکام بنا دیے۔ آئی ایس پی آر کے مطابق پاکستان کا فضائی دفاعی نیٹ ورک ہر وقت مکمل طور پر فعال ہے اور سرحدی سلامتی کو یقینی بنانے کے لیے ہر ممکن اقدامات کیے جا رہے ہیں۔
آئی ایس پی آر نے افغان طالبان حکومت پر الزام عائد کیا کہ وہ اپنے زیرِ انتظام علاقوں میں موجود دہشت گرد عناصر کی سرپرستی بند کرے اور ایسے اقدامات سے باز رہے جو خطے کے امن و استحکام کے لیے خطرہ بن سکتے ہیں۔ بیان میں کہا گیا کہ اس نوعیت کی کارروائیاں افغان عوام کو گمراہ کرنے کی کوشش ہیں۔
ترجمان پاک فوج نے خبردار کیا کہ اگر پاکستان کے خلاف اشتعال انگیزی کا سلسلہ جاری رکھا گیا تو اس کا مؤثر اور فیصلہ کن جواب دیا جائے گا، جس کی بھاری قیمت چکانا پڑے گی۔
آئی ایس پی آر نے مزید کہا کہ پاکستان کی مسلح افواج ہر قسم کی سرحدی جارحیت کا بھرپور جواب دینے کی مکمل صلاحیت رکھتی ہیں اور وطنِ عزیز کے ایک ایک انچ کے دفاع کے لیے ہر وقت چوکس ہیں۔ بیان کے مطابق سرحد پار سے ہونے والی کسی بھی جارحیت کا آپریشن "غضبُ الحق” کے تحت فوری، فیصلہ کن اور مؤثر جواب دیا جاتا رہے گا۔


