پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) اور سعودی عرب کرکٹ فیڈریشن (ایس اے سی ایف) کے درمیان جدہ میں عالمی معیار کے جدید ترین کرکٹ اسٹیڈیم کی تعمیر کے لیے ایک تاریخی اور اسٹریٹجک معاہدہ طے پا گیا۔
یہ معاہدہ چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ محسن نقوی اور سعودی عرب کرکٹ فیڈریشن کے چیئرمین شہزادہ سعود بن مشعل آل سعود کے درمیان ریاض میں ہونے والی ملاقات کے دوران طے پایا۔ یہ تاریخ کا پہلا موقع ہے کہ دونوں اداروں نے سعودی عرب میں کرکٹ کے بنیادی ڈھانچے کی ترقی کے لیے اس نوعیت کی شراکت داری قائم کی ہے۔
معاہدے کے تحت پاکستان کرکٹ بورڈ جدہ میں بین الاقوامی معیار کے مطابق جدید ترین سہولیات سے آراستہ کرکٹ اسٹیڈیم تعمیر کرے گا، جس میں انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کے مقررہ معیارات کے مطابق تمام ضروری سہولتیں فراہم کی جائیں گی۔
دونوں ادارے کرکٹ انفراسٹرکچر کی ترقی، تکنیکی مہارت کی فراہمی، اسٹیڈیم کی منصوبہ بندی، تعمیر اور آپریشنل معیار کو بہتر بنانے کے لیے مشترکہ طور پر کام کریں گے۔ اس منصوبے سے سعودی عرب میں کرکٹ کے فروغ کے ساتھ ساتھ ملک کو مستقبل میں بین الاقوامی کرکٹ میچوں اور بڑے عالمی ایونٹس کی میزبانی کے قابل بنانے میں بھی مدد ملے گی۔
یہ منصوبہ سعودی عرب کے ویژن 2030 کے اہداف سے بھی ہم آہنگ ہے، جس کے تحت کھیلوں میں سرمایہ کاری، اسپورٹس ٹورازم کے فروغ، عوامی شمولیت میں اضافے اور معیارِ زندگی کو بہتر بنانے پر خصوصی توجہ دی جا رہی ہے۔
اس موقع پر چیئرمین پی سی بی محسن نقوی کا کہنا تھا کہ یہ معاہدہ سعودی عرب میں کرکٹ کے فروغ کے لیے ایک سنگِ میل کی حیثیت رکھتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کرکٹ بورڈ اور سعودی کرکٹ فیڈریشن مل کر ایسی مضبوط شراکت داری قائم کر رہے ہیں جو نہ صرف دونوں ممالک میں کرکٹ کو نئی بلندیوں تک لے جائے گی بلکہ خطے میں کھیل کے فروغ کے لیے بھی ایک نئی مثال قائم کرے گی۔


