نیویارک: اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل سے خطاب کرتے ہوئے پاکستان کے مستقل مندوب عاصم افتخار نے کہا ہے کہ خطے میں بڑھتی ہوئی کشیدگی کسی بھی فریق کے مفاد میں نہیں، اس لیے تشدد اور عدم استحکام کے موجودہ سلسلے کو فوری طور پر ختم ہونا چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کا مؤقف واضح ہے کہ سفارت کاری، بامعنی مکالمہ اور مسلسل مذاکرات ہی تمام متنازع امور کے پائیدار اور قابلِ قبول حل کا واحد راستہ ہیں۔
عاصم افتخار نے بتایا کہ پاکستان خطے میں کشیدگی میں کمی، جنگ بندی کے استحکام اور علاقائی امن کے فروغ کے لیے تعمیری سفارتی کوششیں جاری رکھے ہوئے ہے اور تمام متعلقہ فریقوں سے تحمل اور ذمہ داری کا مظاہرہ کرنے کی اپیل کرتا ہے۔
پاکستان کے مستقل مندوب نے اس بات پر بھی زور دیا کہ حساس نوعیت کے مذاکرات کے دوران ایسے بیانات یا اقدامات سے گریز کیا جانا چاہیے جو غلط فہمیوں، اشتعال یا کشیدگی میں اضافے کا سبب بن سکتے ہوں۔
انہوں نے کہا کہ موجودہ صورتحال میں تمام تر توجہ اور سفارتی کوششیں اسلام آباد مفاہمتی یادداشت پر مؤثر اور مکمل عملدرآمد یقینی بنانے پر مرکوز ہونی چاہئیں تاکہ خطے میں اعتماد کی بحالی، کشیدگی میں کمی اور پائیدار امن کی راہ ہموار ہو سکے۔


