سعودی عرب کے دارالحکومت ریاض میں عالمی دفاعی نمائش 2026 کا باضابطہ آغاز ہو گیا، جس میں پاکستان سمیت دنیا بھر کے 80 ممالک شریک ہیں۔ نمائش میں جدید دفاعی ٹیکنالوجی، اسلحہ سازوسامان اور عسکری شعبے میں ہونے والی پیش رفت کو پیش کیا جا رہا ہے۔
پاکستان کی جانب سے گلوبل انڈسٹریل اینڈ ڈیفنس سلوشنز (GIDS)، ہیوی انڈسٹریز ٹیکسلا (HIT) اور پاکستان آرڈیننس فیکٹری (POF) سمیت متعدد ادارے شرکت کر رہے ہیں۔
نمائش میں پاکستان کے تیار کردہ جدید میزائل سسٹمز، بشمول فتح-2 میزائل، اور دیگر دفاعی سازوسامان بھی توجہ کا مرکز بنے ہوئے ہیں۔
وزیر دفاع خواجہ آصف سعودی حکومت کی خصوصی دعوت پر نمائش میں شریک ہوئے، جبکہ وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چوہدری نے بھی پاکستانی وفد کے ہمراہ شرکت کی۔
اس موقع پر طلال چوہدری کا کہنا تھا کہ سعودی عرب اور پاکستان کے درمیان دفاعی معاہدوں کے بعد دوطرفہ تعلقات مزید مضبوط اور مستحکم ہوئے ہیں۔
نمائش کو خطے اور عالمی سطح پر دفاعی تعاون کے فروغ کے لیے اہم قرار دیا جا رہا ہے، جہاں شریک ممالک باہمی اشتراک، ٹیکنالوجی کے تبادلے اور مشترکہ منصوبوں پر غور کر رہے ہیں۔


