وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ دنیا کے کئی ممالک پاکستان کے لڑاکا طیاروں اور دیگر دفاعی ٹیکنالوجی کے حصول کے خواہشمند ہیں، جو پاکستانی دفاعی صنعت کی بین الاقوامی سطح پر پذیرائی کو ظاہر کرتا ہے۔
اعلامیے کے مطابق وزیر دفاع خواجہ آصف سعودی حکومت کی خصوصی دعوت پر ورلڈ ڈیفنس شو میں شرکت کے لیے ریاض پہنچے، جہاں انہیں سعودی حکام اور پاکستان کے سعودی عرب میں سفیر احمد فاروق نے خوش آمدید کہا۔
ریاض آمد پر وزیر دفاع کی سعودی وزیر دفاع شہزادہ خالد بن سلمان بن عبدالعزیز سے ملاقات بھی ہوئی۔ اس موقع پر خواجہ آصف نے ورلڈ ڈیفنس شو کے شاندار انعقاد پر سعودی قیادت کو مبارکباد دی اور ایونٹ کو خطے میں دفاعی تعاون کے فروغ کے لیے اہم سنگ میل قرار دیا۔
عالمی دفاعی نمائش میں گفتگو کرتے ہوئے وزیر دفاع نے کہا کہ پاکستان دفاعی اعتبار سے عالمی سطح پر اپنا منفرد مقام رکھتا ہے اور کئی ممالک ہمارے لڑاکا طیاروں اور دیگر دفاعی ٹیکنالوجی کے حصول کے خواہشمند ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان کی دفاعی صلاحیتیں ملکی معیشت میں بھی ایک مضبوط کردار ادا کریں گی۔


