اسلام آباد: وفاقی وزیر اطلاعات عطا تارڑ نے افغان طالبان کے خلاف جاری آپریشن "غضب للحق” کی تفصیلات جاری کرتے ہوئے بتایا ہے کہ شمالی بلوچستان کے اضلاع قلعہ سیف اللہ، نوشکی اور چمن میں افغان طالبان کی جانب سے 16 مختلف مقامات پر زمینی حملے کیے گئے جنہیں پاکستان سکیورٹی فورسز نے مؤثر کارروائی کرتے ہوئے پسپا کر دیا۔
وفاقی وزیر کے مطابق ان کارروائیوں کے نتیجے میں بلوچستان میں افغان طالبان کے 27 مبینہ جنگجو ہلاک اور متعدد زخمی ہوئے جبکہ وطن کے دفاع کے دوران فرنٹیئر کور بلوچستان نارتھ کا ایک جوان شہید اور 5 اہلکار زخمی ہوئے۔
انہوں نے مزید بتایا کہ خیبر پختونخوا میں بھی افغان طالبان کی جانب سے ایک مقام پر زمینی حملے کی کوشش کی گئی اور 12 مختلف مقامات پر فائر ریڈ کی کارروائیاں کی گئیں جنہیں سکیورٹی فورسز نے بغیر کسی جانی نقصان کے ناکام بنا دیا۔
رات بھر جاری رہنے والے آپریشن کے دوران افغان طالبان کے 40 مبینہ جنگجو ہلاک ہوئے۔
وفاقی وزیر نے واضح کیا کہ فالو اپ آپریشنز ابھی بھی جاری ہیں اور سکیورٹی صورتحال سے متعلق مزید تفصیلی اپ ڈیٹ جلد جاری کی جائے گی۔


