اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو کو اپنے زندہ ہونے کا ثبوت دینے کے لیے ایک اور ویڈیو جاری کرنا پڑ گئی۔ سوشل میڈیا پر ان کے ایرانی حملوں میں ہلاک ہونے کی خبریں پھیلنے کے بعد 12 مارچ کو نیتن یاہو نے ایران کے سپریم لیڈر کو دھمکی آمیز پیغام دیتے ہوئے ایک ویڈیو بیان جاری کیا، جس میں ان کے ہاتھوں میں بظاہر چھ انگلیاں نظر آئیں، جس کی وجہ سے صارفین نے اس ویڈیو کو آرٹیفیشل انٹیلی جنس (AI) سے تیار شدہ قرار دیا۔ اس ویڈیو کے بعد افواہوں میں شدت آگئی اور اسرائیلی سکیورٹی میٹنگ اور میڈیا بریفنگ میں نیتن یاہو کی غیر موجودگی نے
افواہوں کو مزید بڑھا دیا۔
اس کے جواب میں نیتن یاہو نے اپنے ایکس اکاؤنٹ پر ایک ویڈیو جاری کی جس میں وہ کیفے سے کافی پیتے ہوئے نظر آئے اور عبرانی زبان میں اپنے مرنے کی افواہوں کو مسترد کیا۔ اس ویڈیو میں انہوں نے اپنے دونوں ہاتھ بھی دکھائے تاکہ واضح ہو کہ ان کی کل دس انگلیاں موجود ہیں، تاہم صارفین نے کافی کے کپ، ہاتھ ہلانے اور کافی کی سطح میں تبدیلی نہ ہونے جیسے پہلوؤں پر سوالات اٹھائے۔ شکوک کے بعد نیتن یاہو نے اپنی ایکس اکاؤنٹ پر تیسری ویڈیو بھی شیئر کی، جس میں وہ کسی تفریحی مقام پر موجود ہیں اور وہاں موجود لوگوں سے ملاقاتیں کرتے ہوئے نظر آئے، تاکہ اپنی موجودگی اور صحت کا واضح ثبوت دیا جا سکے۔ اس واقعے نے سوشل میڈیا پر زبردست بحث کو جنم دیا اور نیتن یاہو کی موجودگی اور صحت پر لوگوں کی دلچسپی کو بڑھا دیا۔


