نیویارک: اقوام متحدہ میں پاکستان کے مستقل مندوب عاصم افتخار نے سلامتی کونسل سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ امریکا اور ایران کے درمیان جاری کشیدگی کا حل جنگ نہیں بلکہ مذاکرات میں مضمر ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان نے خطے میں جنگ بندی کے لیے سنجیدہ اور مسلسل کوششیں کی ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ آبنائے ہرمز کی اہمیت پاکستان سمیت دنیا کے دیگر ممالک کے لیے بھی انتہائی زیادہ ہے، اس لیے خطے میں کسی بھی قسم کی جارحانہ کارروائیوں کا مکمل خاتمہ ضروری ہے۔
پاکستانی مندوب نے زور دیا کہ آبنائے ہرمز کو کھلا رکھنے کے لیے مشترکہ عالمی کوششوں کی ضرورت ہے، جبکہ خطے میں پائیدار امن کے قیام کے لیے تمام ممالک کو اپنا مؤثر کردار ادا کرنا ہوگا۔ انہوں نے مزید کہا کہ امن کے لیے پاکستان کی کوششوں کو عالمی سطح پر سراہا جا رہا ہے۔


