ایرانی خبر رساں ایجنسی ارنا کی رپورٹ کے مطابق خاتم الانبیاء (ص) مرکزی کمانڈ کے ترجمان نے کہا ہے کہ خلیج عمان میں ایرانی تجارتی جہاز پر امریکی فائرنگ کے جواب میں جلد ردعمل دیا جائے گا۔
ترجمان کے مطابق امریکہ نے جنگ بندی معاہدے کی خلاف ورزی کرتے ہوئے ایرانی جہاز کو نشانہ بنایا، جس کے نتیجے میں جہاز کے نیویگیشن سسٹم کو نقصان پہنچا۔ انہوں نے اس اقدام کو اشتعال انگیز قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ بین الاقوامی قوانین کی بھی خلاف ورزی ہے۔
خاتم الانبیاء (ص) مرکزی کمانڈ کے ترجمان نے سخت لہجے میں خبردار کیا کہ ایرانی مسلح افواج اس واقعے کو "سمندری ڈکیتی” تصور کرتی ہیں اور اس کا بھرپور جواب دیا جائے گا۔
دوسری جانب اس واقعے پر امریکی حکام کی جانب سے تاحال کوئی باضابطہ مؤقف سامنے نہیں آیا، جس کے باعث صورتحال میں مزید کشیدگی کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔


