گلگت بلتستان کی تاریخ کے پہلے ویمن بلائنڈ کرکٹ ٹورنامنٹ کا کامیاب انعقاد،فائنل میں جی بی ایگلز چیمپئنز قرار

Date:

 ویژن ویلفیئر فاؤنڈیشن اور گلگت بلتستان سپورٹس بورڈ کے اشتراک سے گلگت بلتستان کی تاریخ کے پہلے معرکۂ حق ویمن بلائنڈ کرکٹ ٹورنامنٹ کا فائنل میچ ویژن ہائر سیکنڈری سکول اینڈ ڈگری کالج دنیور گلگت کے گراؤنڈ میں کامیابی کے ساتھ کھیلا گیا۔

فائنل میں جی بی ایگلز اور قراقرم سٹرائیکرز کی ٹیمیں مدِ مقابل آئیں جبکہ مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد، تعلیمی اداروں کے اساتذہ و طلبہ، افرادِ باہم معذوری اور معززینِ علاقہ نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔

10 10 اوورز پر مشتمل فائنل میچ میں جی بی ایگلز نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ اوورز میں 194 رنز بنائے۔ جواب میں قراقرم سٹرائیکرز کی ٹیم 94 رنز بنا سکی، یوں جی بی ایگلز نے 100 رنز کے واضح فرق سے کامیابی حاصل کرتے ہوئے ٹورنامنٹ اپنے نام کر لیا۔

جی بی ایگلز کی کپتان ہیراء کی شاندار بیٹنگ کی بدولت ٹیم نے بڑا مجموعہ اسکور کیا۔ ہیراء نے 115 رنز کی عمدہ اننگز کھیل کر پلیئر آف دی میچ کا اعزاز بھی اپنے نام کیا۔ قراقرم سٹرائیکرز کی قیادت خالدہ بتول نے کی۔

فائنل تقریب کی مہمانِ خصوصی اسسٹنٹ ڈائریکٹر محکمہ ویمن ڈویلپمنٹ گلگت بلتستان محترمہ مبارکہ گل تھیں۔ اس موقع پر ڈائریکٹر محکمہ ویمن ڈویلپمنٹ گلگت بلتستان حبیب الرحمن، پرنسپل ویژن ہائر سیکنڈری سکول اینڈ ڈگری کالج دنیور محمد اعجاز سمیت مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والی شخصیات بھی موجود تھیں۔

میچ کے اختتام پر ایک پروقار تقریبِ تقسیمِ انعامات منعقد ہوئی۔ مہمانانِ گرامی نے ونر اور رنر اپ ٹیموں میں ٹرافیاں تقسیم کیں۔

جی بی ایگلز کی کپتان ہیراء نے چیمپئن ٹیم کی ٹرافی وصول کی جبکہ قراقرم سٹرائیکرز کی کپتان خالدہ بتول نے رنر اپ ٹیم کی ٹرافی حاصل کی۔ اس موقع پر مہمانِ خصوصی محترمہ مبارکہ گل نے ٹورنامنٹ میں شریک تمام کھلاڑیوں کو میڈلز پہنائے اور ان کی شاندار کارکردگی، حوصلے اور کھیل سے وابستگی کو سراہا۔

مقررین اور شرکاء نے بصارتی معذوری کی حامل کھلاڑیوں کی غیر معمولی صلاحیتوں، عزم اور کھیل کے میدان میں شاندار کارکردگی کو بھرپور خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ ان بچیوں نے ثابت کیا ہے کہ مناسب مواقع اور سرپرستی میسر ہو تو وہ ہر میدان میں نمایاں کامیابیاں حاصل کر سکتی ہیں۔

شرکاء نے گلگت بلتستان سپورٹس بورڈ اور بالخصوص ڈائریکٹر سپورٹس بورڈ گلگت بلتستان محترم شاہ محمد کی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ ان کی قیادت میں بلائنڈ کرکٹ اور بالخصوص ویمن بلائنڈ کرکٹ کے فروغ کے لیے مؤثر اور دیرپا اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ مستقبل میں بھی ایسے پروگرامز کا انعقاد جاری رکھا جائے گا۔

شرکاء اور کھلاڑیوں نے ویژن ویلفیئر فاؤنڈیشن کی کاوشوں کو بھی مثالی قرار دیتے ہوئے کہا کہ ادارہ بصارتی معذوری کی حامل خواتین کی تعلیم، بحالی، فلاح و بہبود، سماجی شمولیت اور کھیلوں کے فروغ کے لیے قابلِ قدر خدمات انجام دے رہا ہے اور اس کے اقدامات خطے میں معذور خواتین کے لیے نئی امید اور خود اعتمادی کا باعث بن رہے ہیں۔

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here

Share post:

Subscribe

spot_imgspot_img

Popular

More like this
Related