عوام کیلئے بڑا ریلیف: پیٹرول 74 اور ڈیزل 67 روپے سستا، نئی قیمتوں کا نوٹیفکیشن جاری

Date:

وزیراعظم شہباز شریف نے عوام کو بڑا ریلیف دیتے ہوئے پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں نمایاں کمی کا اعلان کر دیا ہے، جبکہ پیٹرولیم ڈویژن نے نئی قیمتوں کا باضابطہ نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا ہے۔

وزیراعظم شہباز شریف کے مطابق پیٹرول کی قیمت میں 74 روپے 28 پیسے فی لیٹر اور ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں 67 روپے 31 پیسے فی لیٹر کمی کی گئی ہے۔ کمی کے بعد پیٹرول کی نئی قیمت 299 روپے 50 پیسے فی لیٹر جبکہ ڈیزل کی نئی قیمت 311 روپے 47 پیسے فی لیٹر مقرر کر دی گئی ہے۔ نئی قیمتوں کا اطلاق آج رات 12 بجے سے ہوگا۔

اپنے بیان میں وزیراعظم نے کہا کہ حکومت نے قوم سے جو وعدہ کیا تھا، الحمدللہ اسے پورا کرنے جا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ عوام نے مشکل معاشی حالات میں صبر و تحمل کا مظاہرہ کیا اور حکومت کا بھرپور ساتھ دیا، جس پر پوری قوم خراج تحسین کی مستحق ہے۔

وزیراعظم نے کہا کہ حکومت نے بحران کے آغاز سے ہی اپنی استطاعت کے مطابق عوام کو ریلیف فراہم کرنے کی کوشش کی اور عالمی سطح پر تیل کی قیمتوں میں ہونے والی کمی کو من و عن عوام تک منتقل کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ معاشی استحکام برقرار رکھنے اور مہنگائی میں مزید کمی لانے کے لیے مؤثر اقدامات کا سلسلہ جاری رکھا جائے گا۔

شہباز شریف نے کہا کہ حکومت نے بحران کے دوران کفایت شعاری کی پالیسی اپنائی اور ترقیاتی بجٹ سمیت مختلف مدات میں بچت کے ذریعے 129 ارب روپے عوامی ریلیف پر خرچ کیے۔ انہوں نے کہا کہ کم آمدنی والے طبقات کو سبسڈی فراہم کی گئی تاکہ مہنگائی کے اثرات کو کم سے کم کیا جا سکے۔

وزیراعظم نے مشرق وسطیٰ کی صورتحال کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان کی سفارتی کوششوں اور ثالثی کے نتیجے میں خطے میں امن کی راہ ہموار ہوئی۔ انہوں نے کہا کہ اسلام آباد میں طے پانے والی مفاہمتی یادداشت ایک تاریخی دستاویز ہے اور یہ کامیابی پوری پاکستانی قوم کے لیے باعثِ فخر ہے۔

انہوں نے فیلڈ مارشل عاصم منیر کو خصوصی مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ ان کی انتھک محنت، پیشہ ورانہ صلاحیت اور مؤثر سفارتی رابطوں کی بدولت امن معاہدہ ممکن ہوا۔ وزیراعظم نے نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار، وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی اور حکومتی ٹیم کی خدمات کو بھی سراہا۔

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ خطے میں معاشی دباؤ اور بعض ممالک میں ایندھن کی راشن بندی جیسے اقدامات کے باوجود پاکستان میں توانائی کا بحران پیدا نہیں ہونے دیا گیا۔ بہتر منصوبہ بندی اور بروقت فیصلوں کے باعث نہ صرف پیٹرولیم مصنوعات کی فراہمی بلا تعطل جاری رہی بلکہ عوام کو کسی قسم کی قلت یا طویل قطاروں کا سامنا بھی نہیں کرنا پڑا۔

دوسری جانب پیٹرولیم ڈویژن کی جانب سے جاری کردہ نوٹیفکیشن میں نئی قیمتوں کی تصدیق کر دی گئی ہے، جس کے مطابق پیٹرول اور ڈیزل کی کم شدہ قیمتوں کا اطلاق فوری طور پر آج رات 12 بجے سے نافذ العمل ہوگا۔

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here

Share post:

Subscribe

spot_imgspot_img

Popular

More like this
Related