ایرانی صدر کے طیارے کو پاکستانی جنگی طیاروں کی سلامی، پاک ایران تعلقات میں گرمجوشی کا مظاہرہ

Date:

اسلام آباد: ایرانی صدر ڈاکٹر مسعود پزشکیان کے دورۂ پاکستان کے موقع پر اسلام آباد نے شاندار اور پرتپاک استقبال کا اہتمام کیا۔ ایرانی صدر کے طیارے کی پاکستان آمد پر پاک فضائیہ کے جنگی طیاروں نے خصوصی پروٹوکول دیتے ہوئے فضائی سلامی پیش کی۔

رپورٹ کے مطابق ایرانی صدر کے طیارے کے پاکستانی فضائی حدود میں داخل ہوتے ہی پاک فضائیہ کے لڑاکا طیاروں نے اسے حفاظتی حصار میں لے لیا اور فارمیشن کی صورت میں پرواز کرتے ہوئے معزز مہمان کو خوش آمدید کہا۔

طیارے کے لینڈ کرنے کے دوران پاک فضائیہ کے جہازوں نے سلامی پیش کی، جبکہ نور خان ایئربیس پر ایرانی وفد کے پہنچنے کے فوری بعد 21 توپوں کی سلامی بھی دی گئی۔

ایرانی صدر ڈاکٹر مسعود پزشکیان کے استقبال کے لیے پاکستان کی اعلیٰ قیادت موجود تھی، جن میں صدرِ پاکستان آصف علی زرداری، وزیرِ اعظم شہباز شریف اور نائب وزیرِ اعظم و وزیرِ خارجہ اسحاق ڈار شامل تھے۔

استقبالیہ مناظر کو پاک ایران تعلقات میں بڑھتی ہوئی قربت اور دونوں ممالک کے درمیان مضبوط سفارتی روابط کی علامت قرار دیا جا رہا ہے۔

رپورٹ میں کہا گیا کہ پاکستان اور ایران کے تعلقات حالیہ عرصے میں مزید مضبوط ہوئے ہیں اور دونوں ممالک علاقائی امن، استحکام اور باہمی تعاون کے فروغ کے لیے مل کر کام کر رہے ہیں۔

تجزیہ کاروں کے مطابق کسی بھی غیر ملکی سربراہِ مملکت کے استقبال کے لیے جنگی طیاروں کی فضائی سلامی ایک خصوصی اعزاز سمجھا جاتا ہے، جو میزبان ملک کی جانب سے مہمان سربراہ اور اس کے ملک کے لیے احترام اور اہمیت کا اظہار ہوتا ہے۔

ایرانی صدر کا یہ دورہ ایسے وقت میں ہو رہا ہے جب خطے میں سفارتی سرگرمیاں تیز ہیں اور پاکستان و ایران کے درمیان سیاسی، اقتصادی اور علاقائی معاملات پر تعاون بڑھانے کے لیے کوششیں جاری ہیں۔

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here

Share post:

Subscribe

spot_imgspot_img

Popular

More like this
Related