ڈی جی آئی ایس پی آر لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف نے دی ملینیم یونیورسل کالج اور فیوچر ورلڈ سکول میں طلبہ و اساتذہ کے ساتھ خصوصی نشست کی، جس میں داخلی صورتحال اور ملکی دفاع کی اہمیت پر نوجوانوں سے مفصل گفتگو کی گئی۔
نشست کے دوران طلبہ اور اساتذہ نے پاک فوج کی خدمات کو زبردست خراجِ تحسین پیش کیا۔اساتذہ نے اس موقع پر اظہارِ خیال کرتے ہوئے کہا کہ پاک افواج نہ صرف ملک کی خودمختاری اور قومی سالمیت کے تحفظ کی ذمہ دار ہیں بلکہ عوام کی حفاظت کے لیے بھی ہمیشہ پیش پیش رہتی ہیں۔
ان کے مطابق اس نشست نے طلبہ کو روایتی سوچ سے ہٹ کر گہرائی میں سوچنے اور ملکی معاملات کو نئے زاویوں سے سمجھنے کا موقع فراہم کیا۔
سیشن نے نوجوانوں کو پاکستانیّت، فعال شہریت اور سماجی ذمہ داریوں کے حقیقی تصور سے بھی آگاہ کیا۔طلبہ نے کہا کہ معرکۂ حق میں پاک افواج کے تاریخی کردار نے نوجوانوں میں پاکستان کے ناقابلِ تسخیر دفاع کے حوالے سے اعتماد اور عزم میں اضافہ کیا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ آج کی نشست سے یہ ادراک ہوا کہ میڈیا پر گردش کرنے والی خبروں کو بغیر تجزیہ اور تصدیق کے آگے پھیلانا غیر ذمہ دارانہ طرزِ عمل ہے۔
طلبہ نے یہ بھی کہا کہ پاک فوج اور عوام کا رشتہ ایک دوسرے کے ساتھ اعتماد اور وابستگی پر قائم ہے، “پاک فوج ہم سے اور ہم پاک فوج سے ہیں۔”


